حکومت نے مالی سال 2025-26 کیلئے پہلی مرتبہ ایک منفرد نوعیت کا فنانس بل متعارف کرایا ہے جس میں نان فائلرز کے خلاف غیر معمولی نفاذی اقدامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 623 ارب روپے سے زائد کے نئے ٹیکس اور نفاذی اقدامات کیے گئے ہیں جن میں ای کامرس پلیٹ فارمز پر ڈیجیٹل لین دین پر ٹیکس، غیر منقولہ جائیدادوں کی فروخت پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں اضافہ اور سابقo قبائلی علاقوں میں سیلز ٹیکس کی مرحلہ وار چھوٹ کا خاتمہ شامل ہے تاکہ مالی سال 2025-26 کیلئے مقررہ 14,131 ارب کے ہدف کو حاصل کیا جاسکے۔

670 ارب روپے کے مجوزہ ٹیکس اقدامات میں سے حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو 58 ارب روپے کا بڑا ریلیف دے کر نمایاں رعایت فراہم کی، جس کے باعث اتنی ہی رقم کا ریونیو نقصان ہوا۔ اس رعایت کے بعد ٹیکس اور نفاذی اقدامات کا خالص مالی اثر 623 ارب روپے رہا۔

آئندہ مالی سال کے لیے مجموعی طور پر 670 ارب روپے کے ٹیکس اور نفاذی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں جن میں سے 281 ارب روپے ٹیکس اقدامات جبکہ 389 ارب روپے نفاذی اقدامات پر مشتمل ہیں۔ تنخواہ دار طبقے کو دی گئی 58 ارب روپے کی رعایت نکالنے کے بعد خالص ریونیو اضافہ 623 ارب روپے ہوگا۔

ایف بی آر نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر رواں سال فنانس بل اور نئے ٹیکسی اقدامات پر صحافیوں کے لیے روایتی تکنیکی بریفنگ کا انعقاد نہیں کیا۔

فنانس بل 2025-26 کے تحت حکومت نے نان فائلرز (نااہل افراد) پر معاشی لین دین کی سخت پابندیاں عائد کردی ہیں، ان افراد پر گاڑیاں، غیر منقولہ جائیداد، سیکیورٹیز (بشمول ڈیٹ سیکیورٹیز یا میوچل فنڈز کے یونٹس) کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی ہوگی۔ بینک نان فائلرز کو نہ تو نیا کرنٹ یا سیونگ اکاؤنٹ کھولنے دیں گے اور نہ ہی پہلے سے کھلے اکاؤنٹس برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی جب کہ ان کے کسی بھی بینک اکاؤنٹ سے نقد رقم نکلوانے کی سہولت بھی بند کردی جائے گی۔

خصوصی اقتصادی زونز اور خصوصی ٹیکنالوجی زونز میں قائم اداروں اور ڈیولپرز کو دی گئی سیلز ٹیکس چھوٹ کو محدود کر دیا گیا ہے، جو اب ٹیکس سال 2035 یا 10 سالہ چھوٹ کی مدت کی تکمیل — جو بھی پہلے ہو — تک مؤثر رہے گی۔

ودہولڈنگ ٹیکس نظام میں بڑی تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں جن میں نان فائلرز کے لیے نقد رقم نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 0.6 فیصد سے بڑھا کر 1 فیصد کرنے کی تجویز شامل ہے۔

تجویز کردہ ترامیم کے تحت مخصوص سروسز پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 4 فیصد سے بڑھا کر 6 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے، تاہم یہ اضافہ آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات پر لاگو نہیں ہوگا۔ غیر مخصوص سروسز پر 15 فیصد فلیٹ ٹیکس عائد کیا جائے گا، جب کہ اسپورٹس پرسن پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دی جائے گی۔

فنانس بل 2025-26 کے مطابق، منگل کو یہ انکشاف ہوا کہ پاکستان کے اندر سے آن لائن مارکیٹ پلیس کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر آرڈر کی گئی اشیاء فراہم کرنے والے افراد پر مجموعی مالیت کا 2 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

ایف بی آر نے سولر پینلز/پی وی ماڈیولز کی درآمد پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 850 سی سی تک کی مقامی طور پر تیار یا اسمبل کی گئی موٹر کاروں پر نافذ 12.5 فیصد کی کم شرح بھی واپس لے لی گئی ہے، جس کے بعد ان پر عمومی ٹیکس شرح لاگو ہوگی۔

درآمد شدہ پالتو جانوروں (کتا اور بلی) کی خوراک، ریٹیل پیکنگ میں کافی، چاکلیٹس اور سیریل بارز کو سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تھرڈ شیڈول میں شامل کر دیا گیا ہے۔ ان اشیاء پر اب وہی سیلز ٹیکس لاگو ہوگا جو پیکنگ پر درج ریٹیل قیمت کی بنیاد پر نافذ کیا جائے گا۔

اس وقت سابقہ فاٹا/پاٹا میں واقع رہائشی، تجارتی اور صنعتی یونٹس کو فراہم کی جانے والی بجلی پر 30 جون 2025 تک سیلز ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے۔ ان علاقوں کے بجلی صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ تجویز دی گئی ہے کہ مذکورہ استثنیٰ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 30 جون 2026 تک بڑھا دیا جائے۔

اس وقت سیویاں اور شیرمال کی مقامی فراہمی پر 10 فیصد کی رعایتی سیلز ٹیکس شرح لاگو ہے۔ جی ایس ٹی اصلاحات کے تحت تمام موجودہ رعایتی شرحوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جہاں ممکن ہو وہاں انہیں ختم کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں سیویاں اور شیرمال پر لاگو 10 فیصد کی رعایتی شرح ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بن اور رسک پر اس وقت 10 فیصد رعایتی سیلز ٹیکس عائد ہے۔ چونکہ یہ کم آمدنی والے طبقے کی بنیادی غذاؤں میں شمار ہوتے ہیں، اس لیے یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ ان کی مقامی فروخت کو سیلز ٹیکس سے مکمل طور پر مستثنیٰ قرار دیا جائے۔

آمدنی ٹیکس کے شعبے میں ”ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز پروسیڈز لیوی“ متعارف کرائی گئی ہے، جس کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں ضروری ترامیم کی گئی ہیں تاکہ وہ مقامی فروخت کنندگان کو بھی شامل کیا جا سکے جو ڈیجیٹل آرڈرز کے ذریعے اشیاء یا خدمات فراہم کرتے ہیں۔ اس نظام کے تحت بینکوں اور کورئیر سروسز کو ودہولڈنگ ایجنٹس مقرر کیا گیا ہے تاکہ ادائیگیوں کے مکمل سلسلے کو ٹریک کیا جا سکے۔

بینکنگ کمپنیوں کی آمدنی اور اس پر واجب الادا ٹیکس کا درست اور شفاف تعین یقینی بنانے کے لیے ان کے ٹیکس اسیسمنٹ سے متعلق قوانین کو مزید معلوماتی اور انکشاف پر مبنی بنا دیا گیا ہے۔

پرافٹ آن ڈیپٹ پر ٹیکس کی شرح 15 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ڈیوڈنڈ پر ٹیکس کی شرح کو 25 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے، جب کہ میوچل فنڈز سے حاصل ہونے والے ڈیوڈنڈ پر 15 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔ اسی طرح 70 سال سے کم عمر افراد کو موصول ہونے والی پنشن، جو ایک کروڑ روپے سالانہ سے زائد ہو، پر 5 فیصد فلیٹ ٹیکس لاگو کیا جائے گا۔

سیکشن 4C کے تحت سپر ٹیکس کی شرح میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے، جس کے مطابق 20 کروڑ روپے سے 50 کروڑ روپے کے درمیان آمدنی والے تمام سلیبز پر ٹیکس کی شرح میں 0.5 فیصد کمی کی جائے گی۔

تنخواہ دار افراد کے لیے 32 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر ٹیکس کی شرح کم کر دی گئی ہے تاکہ نچلے اور درمیانے درجے کے آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

تنخواہ دار افراد کے لیے سرچارج کی شرح 10 فیصد سے کم کر کے 9 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، تاکہ مہنگائی کے دباؤ میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اسی طرح سابقہ فاٹا/پاٹا کے عوام کو سہولت دیتے ہوئے انکم ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس سے استثنیٰ میں ایک سال کی توسیع، ٹیکس ایئر 2026 تک، تجویز کی گئی ہے۔ اساتذہ اور محققین کے لیے ٹیکس پر 25 فیصد رعایت کو ٹیکس ایئر 2023 سے 2025 تک مؤثر طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ 250 مربع گز کے مکان یا 2,000 مربع فٹ یا کم رقبے والے فلیٹ کی تعمیر یا خریداری کے لیے حاصل کردہ قرض پر ادا کردہ منافع پر تناسبی ٹیکس کریڈٹ دینے کی تجویز دی گئی ہے، تاکہ متوسط طبقے کو اپنا گھر بنانے میں مالی سہولت مل سکے۔

ڈیجیٹل آرڈرز کے ذریعے فروخت ہونے والی قابلِ ٹیکس اشیاء کو ای کامرس ٹیکس نظام میں مؤثر طور پر شامل کرنے کے لیے ”ای کامرس“ کی واضح تعریف متعارف کرائی گئی ہے، جبکہ ”آن لائن مارکیٹ پلیس“ کی تعریف کو تمام قابلِ ٹیکس سرگرمیوں تک توسیع دے دی گئی ہے۔

ای کامرس کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے آن لائن مارکیٹ پلیسز کے لیے نان ایکٹو ٹیکس دہندگان کی مقامی سپلائز پر ایک فیصد سیلز ٹیکس روکنے کی موجودہ شرط ناکافی سمجھی گئی ہے، خصوصاً ان کاروباروں کے لیے جو ویب سائٹس یا ایپس کے ذریعے صارفین کو سامان فروخت کرتے ہیں۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کر کے ان تمام لین دین کو شامل کر لیا گیا ہے جو آن لائن ادائیگی یا کیش آن ڈلیوری (سی او ڈی) کے ذریعے مکمل ہوتے ہیں۔

مجوزہ نظام کے تحت — جو الیونتھ شیڈول کے سیریل نمبر 8 کی جگہ لے گا — ڈیجیٹل ادائیگیوں پر سیلز ٹیکس کی وصولی ادائیگی کے واسطہ کار ادارے (بینکس، مالیاتی ادارے، ایکسچینج کمپنیاں اور پیمنٹ گیٹ ویز) کریں گے، جبکہ کیش آن ڈلیوری (سی او ڈی) کے لین دین پر ٹیکس وصولی کورئیر سروسز کے ذریعے کی جائے گی۔ مزید برآں، ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کو ایک فیصد سے بڑھا کر دو فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025

Comments

200 حروف