پاکستان اور چین گوادار میں جدید آبی زراعت (ایکواکلچر) کی صنعت کے قیام کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی (سی او پی ایچ سی) کے چیئرمین پروفیسر یو بو نے بدھ کے روز وفاقی وزیر برائے سمندری امور محمد جنید انور چوہدری کے ساتھ ایک ملاقات میں اس حوالے سے ایک جامع کاروباری منصوبہ پیش کیا ہے۔ یہ بات وزارت بحری امور کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ بیان میں بتائی گئی ہے۔
پروفیسر یو بو نے بندرگاہی شہر میں پائیدار، تکنیکی طور پر جدید آبی زراعت کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے سی او پی ایچ سی کے اسٹریٹجک وژن کا خاکہ پیش کیا تاکہ گوادر کو پاک چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اندر ایک اہم مرکز بنایا جا سکے۔
اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر جنید چوہدری نے اس منصوبے کی تعریف کی اور اسے پاکستان کی ساحلی ترقی کے لیے ایک انقلابی موقع قرار دیا۔
انہوں نے روزگار پیدا کرنے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ گوادر کے اہم سمندری وسائل کو بروئے کار لائے گا اور شہر کو سمندری خوراک کی پیداوار، پروسیسنگ اور برآمد کے لئے ایک اہم مرکز میں تبدیل کرے گا۔
وفاقی وزیر نے سی او پی ایچ سی کی جانب سے پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے جاری عزم کو سراہتے ہوئے تمام سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جو پاکستان کی بلیو اکانومی کے امکانات کے تحت ملک میں آپریشنز قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں جو ہمارے ساحلی علاقوں میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور ملازمتیں پیدا کریں۔
انہوں نے گوادر اور اس سے آگے نئی صنعتوں کی مدد کے لئے قابل اعتماد بجلی، پینے کے صاف پانی اور بہتر سڑک رابطے جیسے ضروری بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کے لئے حکومت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گوادر کی ساحلی پٹی اپنے سازگار سمندری حالات اور بین الاقوامی منڈیوں سے قربت کی وجہ سے آبی زراعت کے منصوبوں کے لئے وسیع تر امکانات فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے عالمی معیار کو پورا کرنے اور برآمدات کو فروغ دینے کے لئے ہیچریز، سمندری غذا کی پروسیسنگ کی سہولیات اور پائیدار آبی زراعت فارمز کی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔
بحری ترقی کے لئے وزارت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طویل ساحلی پٹی بڑی حد تک غیر استعمال شدہ ہے۔ آبی زراعت کی صنعت کا قیام فوڈ سیکورٹی کو بڑھانے اور ہماری برآمدات کو بڑھانے کی کلید ہے۔
فریقین نے متعلقہ سرکاری محکموں اور تکنیکی ماہرین کے ذریعے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ منصوبے پر عمل درآمد کو آسان بنانے کے لئے قابل عمل ماڈل اور پالیسی فریم ورک تیار کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ روابط اسٹریٹجک سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی، ماحولیاتی ذمہ داری اور علاقائی ترقی کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
وزیر نے کہا کہ وزارت سمندری امور پاکستان کی طویل مدتی اقتصادی اور ماحولیاتی ترجیحات کے مطابق کاروباری تجاویز کے لیے دستیاب ہے، خاص طور پر ایسی تجاویز جو پاکستان کے سمندری اور ساحلی وسائل کا پورا فائدہ اٹھا سکیں۔
Comments