پاکستان

حکومت بدعنوانی کے خلاف اقدامات کر رہی ہے، وزیراعظم

  • ملک کی معاشی صورتحال چیلنجنگ ہے لیکن اجتماعی کوششوں سے اس میں تبدیلی کی کوشش کر رہے ہیں، شہباز شریف
شائع May 2, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت قومی معیشت میں حقیقی تبدیلیاں لانے اور کرپشن کی وجہ سے ضائع ہونے والے اربوں روپے کی وصولی کے لیے کوشاں ہے۔

وزیر اعظم نے اپنی رہائش گاہ پر مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر مزدوروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک منصفانہ نظام، آجروں اور مزدوروں کی محنت کی بنیاد پر بہت جلد ایک طاقتور ملک بن جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال چیلنجنگ ہے لیکن وہ اجتماعی کوششوں اور خلوص کے ساتھ اس میں تبدیلی کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام عالم میں باوقار حیثیت حاصل کرنا پاکستان کا مقدر ہے، ہم بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کے تمام ادارے اور دیگر ریاستی ادارے اپنی اجتماعی کوششوں سے دنیا میں پاکستان کا ایک مقام بنائیں گے۔

اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر قیادت پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان آئیگا، جس سے ملک میں کاروبار اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے والد میاں شریف بھی ایک مزدور تھے جنہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم امرتسر میں حاصل کی اور 30 ​​کی دہائی میں لاہور میں سکونت اختیار کی جہاں انہوں نے اپنے بھائیوں کے ساتھ اسٹیل فیکٹری میں بطور مزدور کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مزدوروں کی محنت کو مکمل طور پر تسلیم کرتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے تاجروں اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے مزدوروں کی ترقی اور فلاح و بہبود کا خیال رکھیں کیونکہ مزدوروں کی خوشحالی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر سرمایہ کار اور مزدور متحد ہو کر کام کریں گے تو پاکستان ترقی کرے گا، انہوں نے محنت کش طبقے کے بچوں کے لیے ایسے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا، جہاں وہ بھی ڈاکٹر، انجینئر بن سکیں اور سیاست میں بھی سبقت لے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ مالیاتی بجٹ میں مزدور طبقے کو مزید ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے تاجروں سے کہا کہ وہ کاروبار سے بالاتر ہو کر ترقی یافتہ ممالک کی طرح محروم طبقات کے لیے تعلیم اور صحت کے کچھ منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد یہ نہیں تھا کہ امیر اور غریب میں فرق کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اس تحریک کی قیادت کی جس میں عوام نے بے پناہ قربانیاں پیش کیں، پاکستان کی تخلیق کا مقصد ایک فلاحی ریاست کا قیام تھا جس میں سب کو اپنی صلاحیت اور قابلیت کی بنیاد پر زندگی میں ترقی حاصل کرنے کے یکساں مواقع میسر ہوں گے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مزدوروں نے مشکل ترین حالات میں سخت محنت کی اور اپنے آجروں کا کاروبار بنانے میں مدد کی۔

دونوں ایک ہی ریڑھی کے دو پہیوں کی مانند ہیں اور ان کا کام ہی ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کا باعث ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کر دی گئی ہیں، لیکن یہ مہنگائی کا نعم البدل نہیں ہو سکتا کیونکہ مزدور طبقے کو اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کی تعلیم کا خرچ اٹھانا ہے، اپنے والدین کا علاج اور دیگر روزمرہ کے اخراجات بھی پورے کرنے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ قرآن پاک اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق امیر اور غریب کے درمیان فرق کو ختم کرنا ان کا اولین فرض ہے۔

انہوں نے مزدوروں اور محنت کشوں کی حالت زار کے بارے میں علامہ اقبال کا شعر بھی سنایا اور کہا کہ یہ اشعار پاکستان کے لاکھوں محنت کشوں کی آواز کی عکاسی کرتے ہیں۔

اس سے قبل چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت نے ورکرز کے لیے پرسنل لون اسکیم شروع کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دور میں بطور وزیر اعلیٰ پنجاب دانش اسکولز اور ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈز قائم کیے گئے۔ انہوں نے مزدور کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف پروگراموں پر روشنی ڈالی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف