اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام: ڈھائی سال میں ایک لاکھ 35 ہزار مکانات تعمیر
- مزید ایک لاکھ 50 ہزار گھروں کی تعمیر تکمیل کے قریب ہے، وزیر اعلی پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت گزشتہ ڈھائی سال کے دوران تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار گھر مکمل کیے جاچکے ہیں جبکہ مزید ایک لاکھ 50 ہزار گھروں کی تعمیر تکمیل کے قریب ہے۔
ملتان اسٹیڈیم میں اسکیم سے مستفید ہونے والے افراد کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جس میں تقریباً 25 ہزار افراد نے شرکت کی انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام کم آمدنی والے خاندانوں کو کرائے کے مکانوں سے اپنے ذاتی گھروں میں منتقل ہونے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام افراد کو مبارکباد پیش کرتی ہوں جنہوں نے اپنی زندگی کرائے کے گھروں میں گزاری اور اب وہ اپنے ذاتی گھروں کے مالک بن چکے ہیں۔انہوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کا تعاون کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعلیٰ نے ہاؤسنگ پروگرام شروع کرنے کا سہرا مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسکیم سے مستفید ہونے والوں کو مبارکباد دی ہے اور حکومت کو ہدایت کی ہے کہ پانچ سال کے لیے مقرر کردہ 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف بڑھا کر 10 لاکھ کر دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے اور آذربائیجان، مسقط اور اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ نے بھی اسے کم لاگت والے رہائشی منصوبے کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ دنیا کے سستے ترین رہائشی پروگراموں میں سے ایک ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ دیگر ممالک کے لیے بھی ایک مثالی منصوبہ ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تقریباً ڈھائی لاکھ خاندان اس پروگرام سے منسلک ہیں اور دعویٰ کیا کہ کسی ایک بھی مستفید ہونے والے نے قرض کی اقساط کی ادائیگی میں نادہندگی نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ جو خاندان پہلے اپنی آمدنی کا بڑا حصہ مکان کے کرائے کی مد میں خرچ کرتے تھے، وہ اب اپنے ذاتی گھروں کے مالک بننے کے لیے اس سے بھی کم ماہانہ اقساط ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت قرض کے حصول کے لیے درخواست گزاروں سے پلاٹ بطور ضمانت طلب نہیں کرتی، کیونکہ انہیں عوام پر اعتماد ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ توقع ہے کہ ہزاروں خاندان 2026 کا موسمِ سرما اپنے ذاتی گھروں میں گزاریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں خاندان کرائے کے مکانوں سے نکل کر اس اسکیم کے تحت تعمیر کیے گئے گھروں میں منتقل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے آئندہ ڈھائی سال کے دوران اس پروگرام کے تحت مزید ہزاروں گھر تعمیر کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔






















Comments