زوما ریسورسز کو برطانیہ میں ٹیلی کام، ای سم سروسز شروع کرنے کی منظوری
- کمپنی اب برطانیہ میں قائم اپنے ٹیلی کمیونی کیشنز اور بین الاقوامی ای سم برانڈز کی تجارتی بنیادوں پر لانچنگ کے لیے تیار
زوما ریسورسز لمیٹڈ نے جمعرات کو بتایا کہ اس کی مکمل ملکیتی برطانوی ذیلی کمپنی زوما گلوبل لمیٹڈ کو مجوزہ ٹیلی کمیونی کیشنز اور بین الاقوامی ای سم آپریشنز کے حوالے سے برطانوی ٹیلی کام ریگولیٹر آف کام سے ضابطہ جاتی وضاحت موصول ہوگئی ہے۔
لسٹڈ کمپنی نے اس پیش رفت سے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں آگاہ کیا۔
نوٹس کے مطابق کمپنی اب برطانیہ میں قائم اپنے ٹیلی کمیونی کیشنز اور بین الاقوامی ای سم برانڈز کی تجارتی بنیادوں پر لانچنگ کے لیے تیار ہے، تاہم اس کا انحصار متعلقہ ضابطہ جاتی تقاضوں، صارفین کے تحفظ، میٹرنگ، بلنگ اور دیگر قابلِ اطلاق شرائط پر عملدرآمد سے مشروط ہوگا۔
زوما کے مطابق یہ تازہ پیشرفت کمپنی کی بین الاقوامی توسیع کی حکمت عملی میں معاون ثابت ہوگی، اس سے مارکیٹ تک رسائی بڑھانے اور زرمبادلہ میں آمدنی کے ذرائع وسیع کرنے کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔
کمپنی نے مزید کہا کہ منصوبے کے آغاز کا وقت اور تجارتی نتائج کا انحصار آپریشنل تیاری، مارکیٹ کی صورتحال، شراکت داروں کے ساتھ انتظامات اور متعلقہ ضابطہ جاتی تقاضوں پر مسلسل عملدرآمد پر ہوگا۔
کمپنی نے کہا کہ وہ جدت، قابلِ توسیع کاروباری سرگرمیوں اور حصص یافتگان کے لیے طویل مدتی قدر میں اضافے پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ٹیلی کمیونی کیشنز کے شعبے میں اپنی سرگرمیاں فروغ دینے کیلئے پُرعزم ہے۔
زوما ریسورسز لمیٹڈ جو پہلے بلال فائبرز لمیٹڈ کے نام سے جانی جاتی تھی، ابتدائی طور پر دھاگے کی تیاری اور فروخت کا کاروبار کرتی تھی۔ 2016 میں کاروباری سرگرمیاں معطل کرنے کے بعد کمپنی نے 5 دسمبر 2025 کو اپنے بنیادی کاروبار میں بڑی تبدیلی کی باضابطہ منظوری دی جس کے تحت ٹیکنالوجی، اے آئی پر مبنی خدمات، الیکٹرک گاڑیوں، صحت اور ای کامرس جیسے تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں میں سرمایہ کاری، شراکت داری اور اشتراک پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اپنی بین الاقوامی توسیع کی حکمت عملی کے تحت زوما ریسورسز لمیٹڈ نے 18 ستمبر 2026 کو برطانیہ میں اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی زوما گلوبل لمیٹڈ قائم کی۔
لندن میں رجسٹرڈ دفتر کے ساتھ قائم کی گئی اس نئی کمپنی کا مقصد عالمی منڈیوں میں گروپ کے ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور ٹیکنالوجی کے کاروبار کو فروغ دینا اور وسعت دینا ہے۔























Comments