مالیاتی رسائی سے معاشی مواقع تک
- ’’مالیاتی شمولیت کی کامیابی کا اصل پیمانہ اکاؤنٹس کی تعداد نہیں بلکہ ان کے ذریعے پیدا ہونے والے معاشی مواقع ہیں۔‘‘
ڈیجیٹل بینکاری کی کامیابی کا معیار یہ نہیں کہ کتنے اکاؤنٹس کھولے گئے، بلکہ یہ ہے کہ ان سے معاشی مواقع کس حد تک پیدا ہوئے۔ 10 نومبر 2026 کو عائشہ عمیر کے مضمون سے پاکستان میں ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ کا جائزہ لینے کے لیے ایک نقطۂ آغاز ملتا ہے: کیا کوئی مزدور اپنی اجرت قابلِ اعتماد طریقے سے وصول کرسکتا ہے، کوئی کسان منصفانہ شرائط پر قرض حاصل کرسکتا ہے اور کوئی خاتون اپنے پیسوں پر خود اختیار رکھ سکتی ہے؟ مالیاتی شمولیت کا مقصد محفوظ بچت، کارآمد قرض اور معاشی ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہونا چاہیے۔
اس کے لیے محض اکاؤنٹ کھولنے کے عمل سے آگے بڑھ کر مالیاتی خدمات کی عملی افادیت پر توجہ دینا ضروری ہے، جس میں قابلِ اعتماد ادائیگیاں، ایسی بچت جو گھرانوں کو مالی مشکلات سے نمٹنے میں مدد دے اور پیداواری سرگرمیوں کے لیے منصفانہ قرض شامل ہیں۔ اکاؤنٹس کی تعداد سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ بینکاری خدمات کتنے لوگوں تک پہنچ چکی ہیں، تاہم ان خدمات کا بامعنی استعمال اور لوگوں کے معیارِ زندگی میں بہتری ہی بتائے گی کہ یہ رسائی کس حد تک فائدہ مند ثابت ہوئی ہے۔
جدول 1 میں گلوبل فنڈیکس 2025 میں شائع ہونے والے 2024 کے سروے ڈیٹا کی بنیاد پر تمام بالغ افراد اور خواتین میں اکاؤنٹ رکھنے کی شرح کا تقابل کیا گیا ہے۔
جدول 1: مالیاتی شمولیت — 2024 کا تقابلی جائزہ
| ملک | اکاؤنٹ رکھنے والے بالغ افراد | اکاؤنٹ رکھنے والی خواتین |
|---|---|---|
| پاکستان | 27.3 فیصد | 11.9 فیصد |
| بھارت | 89.0 فیصد | 89.2 فیصد |
| بنگلہ دیش | 43.3 فیصد | 33.3 فیصد |
| سنگاپور | 98.0 فیصد | 97.6 فیصد |
ماخذ: عالمی بینک، گلوبل فنڈیکس 2025، 2024 کے سروے ڈیٹا (10 نومبر 2026 کو دیکھا گیا)۔ اعداد و شمار 15 سال اور اس سے زائد عمر کے بالغ افراد کی شرح فیصد ظاہر کرتے ہیں، جنہیں اعشاریہ کے بعد ایک ہندسے تک محدود رکھا گیا ہے۔ خواتین کے کالم میں بھی اسی عمر کی خواتین شامل ہیں۔ اکاؤنٹس میں مالیاتی اداروں اور موبائل منی اکاؤنٹس دونوں کو شمار کیا گیا ہے۔
گلوبل فنڈیکس 2025 کے مطابق، جس کی بنیاد 2024 کے سروے پر ہے، پاکستان میں بالغ افراد کے 27.3 فیصد کے پاس بینک اکاؤنٹ موجود ہے۔ اس کے برعکس اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے انتظامی اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025 میں مالیاتی شمولیت کی شرح 69 فیصد تھی۔ تاہم، دونوں اعداد و شمار کے تعین کا طریقہ کار مختلف ہے، اس لیے ان کا براہِ راست تقابل نہیں کیا جاسکتا۔ ان میں سے کوئی بھی عدد اس بات کا ثبوت نہیں کہ لوگ مالیاتی خدمات سے بامعنی طور پر فائدہ بھی اٹھا رہے ہیں۔
دیہی علاقوں میں مالیاتی سہولتوں تک محدود رسائی کے باعث لوگوں کو ترسیلات زر وصول کرنے کے لیے سفر کرنا پڑتا ہے، مزدوروں کو اجرت نقدی کی صورت میں دی جاتی ہے اور لوگ غیر رسمی قرض دہندگان پر انحصار کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور کے لیے بینک کی شاخ کا ایک چکر بھی ایک دن کی آمدنی سے محرومی کا سبب بن سکتا ہے۔ ڈیجیٹل خدمات کا مقصد اس بوجھ کو کم کرنا ہونا چاہیے، نہ کہ اس کی جگہ غیر واضح فیسوں اور مدد حاصل کرنے کے لیے بار بار چکر لگانے کی دشواری پیدا کردی جائے۔
آسان موبائل اکاؤنٹ کے ذریعے انٹرنیٹ کے بغیر بھی عام موبائل فون پر بینکاری کی سہولت حاصل کی جاسکتی ہے۔ زرعی شعبے اور چھوٹے کاروباروں کو مالی وسائل کی فراہمی کے لیے زرخیـزہ-آسان ڈیجیٹل قرضہ اور ایس بی پی کا اکتوبر 2026 کا مالیاتی فریم ورک بھی اہم ذرائع فراہم کرتے ہیں۔ تاہم، ان سہولتوں کی کامیابی کا انحصار قابلِ اعتماد ایجنٹس، نقد رقوم کی آمد و خرچ کا درست تخمینہ لگانے اور قرض کی قابلِ برداشت اقساط پر ہوگا۔
بینکاری میں مساوات 2026 کے اقدام کو اکاؤنٹس کھولنے سے آگے بڑھ کر خواتین کی مالی خودمختاری یقینی بنانا ہوگی۔ اس کے لیے سستے انٹرنیٹ اور مواصلاتی سہولتوں، قابلِ اعتماد ایجنٹس اور مقامی زبانوں میں رہنمائی کی ضرورت ہے۔ خواتین کے نام پر محض اکاؤنٹ کھول دینا کافی نہیں، بلکہ انہیں رقوم وصول کرنے اور اپنے مالی معاملات کے فیصلے خود کرنے کا اختیار بھی ملنا چاہیے۔
جدول 2 پاکستان میں مجموعی قومی پیداوار کے مقابلے میں بچت کی کمزور شرح کو نمایاں کرتا ہے۔ ڈیجیٹل مالیاتی سہولتیں مہنگائی، بچت پر کم منافع یا مالیاتی نظام پر عدم اعتماد جیسے مسائل دور نہیں کرسکتیں۔ ان سہولتوں کا مقصد رسمی مالیاتی نظام میں بچت کو صرف آسان بنانا نہیں، بلکہ اسے لوگوں کے لیے فائدہ مند اور قابلِ قدر بھی بنانا ہونا چاہیے۔
جدول 2: مجموعی قومی پیداوار میں بچت کا حصہ — 2025
| ملک | مجموعی ملکی بچت (جی ڈی پی کا فیصد) | مجموعی بچت (جی ڈی پی کا فیصد) |
|---|---|---|
| پاکستان | 7.1 فیصد | 15 فیصد |
| بھارت | 32.6 فیصد | 35 فیصد |
| بنگلہ دیش | 22.0 فیصد | 35 فیصد |
| سنگاپور | 58.7 فیصد | 40 فیصد |
عالمی بینک، ورلڈ ڈویلپمنٹ انڈیکیٹرز، 2025 کے اعداد و شمار (10 نومبر 2026 کو دیکھے گئے)۔ پاکستان کے لیے ملکی بچت کی شرح کا حساب بنیادی بچت اور جی ڈی پی کے اعداد و شمار کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔ ملکی بچت کی شرح کو اعشاریہ کے بعد ایک ہندسے تک ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی بچت کے اعداد و شمار ماخذ میں دی گئی مکمل اکائی کے مطابق درج ہیں۔ مختلف ممالک کے لیے رپورٹنگ کی مدت مختلف ہوسکتی ہے۔ مجموعی ملکی بچت سے مراد جی ڈی پی میں سے حتمی کھپت منہا کرنے کے بعد باقی رہنے والی رقم ہے، جبکہ مجموعی بچت میں سرحد پار سے حاصل ہونے والی خالص آمدنی اور منتقلیوں کو بھی شامل کیا جاتا ہے۔ ان میں سے کوئی بھی شرح گھرانوں کی بینکوں میں جمع بچت کو ظاہر نہیں کرتی۔
بچت سے حاصل ہونے والے وسائل کارخانوں، مشینری، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے استعمال کیے جاسکتے ہیں، جو صنعتی ترقی میں معاون ہوتے ہیں۔ تجارت کے شعبے کو مال کا ذخیرہ رکھنے، نقل و حمل اور سپلائرز کو ادائیگیوں کے لیے سرمائے کی ضرورت ہوتی ہے۔ پیداواری سرمایہ کاری سے پیداوار بڑھتی ہے، روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور گھرانوں کی بچت کرنے کی صلاحیت مستحکم ہوتی ہے۔ تاہم، بینکوں میں جمع رقوم اسی وقت معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوتی ہیں جب انہیں درست شعبوں میں استعمال کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے کاروباری فیصلوں کا دانش مندانہ ہونا اور منڈی میں مسابقتی ماحول برقرار رہنا بھی ضروری ہے۔
حکومتی قرضوں میں بینکوں کو کاروباری قرض لینے والوں کی مالی استعداد جانچنے کی ضرورت کے بغیر پرکشش منافع حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔ چنانچہ مالیاتی اصلاحات کے ساتھ حکومتی قرض گیری پر قابو نہ پایا جائے تو نئے کھولے گئے اکاؤنٹس میں جمع ہونے والی رقوم عوام کے معاشی حالات بہتر بنانے کے بجائے حکومتی بجٹ خسارے پورے کرنے میں استعمال ہوسکتی ہیں۔
بھارت کا پردھان منتری جن دھن یوجنا پروگرام بڑے پیمانے پر بینکاری سہولتوں کی فراہمی اور ان کے عملی فوائد کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ اگست 2014 میں شروع کیے گئے اس پروگرام کے تحت 14 اگست 2024 تک 53 کروڑ 14 لاکھ اکاؤنٹس کھولے جاچکے تھے، جن میں سے دو تہائی دیہی اور نیم شہری علاقوں میں تھے۔ ملک میں بینک اکاؤنٹ رکھنے والے افراد کی شرح 2014 میں 53 فیصد سے بڑھ کر 2017 میں 80 فیصد ہوگئی، جبکہ 2021 تک کم آمدنی اور خوش حال طبقوں کے بالغ افراد کے درمیان اکاؤنٹ رکھنے کا فرق بھی نہ ہونے کے برابر رہ گیا تھا۔
کم از کم بیلنس کی شرط کے بغیر اکاؤنٹس، ڈیبٹ کارڈز، حکومتی مالی امداد کی براہِ راست منتقلی، بیمہ اور اہل صارفین کے لیے اوور ڈرافٹ کی سہولت نے کم آمدنی والے گھرانوں کو بینکاری نظام سے منسلک ہونے کی ترغیب دی۔ ان اکاؤنٹس کو شناختی نظام اور موبائل خدمات سے منسلک کرنے کے نتیجے میں حکومتی ادائیگیوں اور ڈیجیٹل لین دین کے لیے بھی ذرائع فراہم ہوئے۔ اگرچہ ان اکاؤنٹس میں سے ایک بڑی تعداد غیر فعال بھی رہی، تاہم بنیادی سبق یہی ہے کہ بینکاری کا بنیادی ڈھانچہ اسی وقت مالیاتی شمولیت کا ذریعہ بنتا ہے جب اس سے لوگوں کو ان کی ضرورت کے عملی فوائد حاصل ہوں۔
پاکستان میں بھی پیش رفت ہوئی ہے، لیکن مالیاتی سہولتوں تک رسائی اب بھی محدود ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مالی سال 2024-25 کے جائزے کے مطابق، ریٹیل لین دین کے 88 فیصد معاملات ڈیجیٹل ذرائع سے انجام پائے۔ تاہم، اس کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان کی پوری معیشت میں ہونے والے تمام لین دین میں ڈیجیٹل ذرائع کا حصہ بھی 88 فیصد تھا۔ جدول 1 مالیاتی سہولتوں تک رسائی میں موجود فرق واضح کرتا ہے۔ 2024 کے سروے کے مطابق پاکستان میں صرف 27.3 فیصد بالغ افراد کے پاس بینک اکاؤنٹ تھا، جبکہ بنگلہ دیش میں یہ شرح 43.3 فیصد اور بھارت میں 89 فیصد تھی۔ پاکستان میں خواتین کی صورت حال مزید تشویش ناک تھی، جہاں صرف 11.9 فیصد خواتین کے پاس اکاؤنٹ موجود تھا۔ ڈیجیٹل ادائیگیوں میں تیزی کا فائدہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنا چاہیے، نہ کہ صرف پہلے سے بینکاری نظام استعمال کرنے والے افراد کی سرگرمیوں میں اضافہ ہونا چاہیے۔
تاجروں کے لیے ادائیگیوں کے نظام میں اصلاحات کا معاملہ ٹیکس اصلاحات سے بھی جڑا ہوا ہے۔ اگر کسی کاروبار کو باضابطہ نظام میں لانے سے اس کے اخراجات بڑھ جائیں، جبکہ نقد لین دین کرنے والے حریفوں پر وہی بوجھ عائد نہ ہو تو اسے اس عمل پر آمادہ کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ اس ضمن میں کچھ مراعات بھی دی گئی ہیں۔ پاکستان کے فوری ادائیگیوں کے نظام راست کے لیے مالی سال 2025-26 کی سبسڈی کے تحت ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرنے والے اداروں کی معاونت کی گئی، جبکہ فنانس ایکٹ 2026 کے ذریعے صرف ڈیجیٹل ادائیگیاں قبول کرنے کی بنیاد پر کسی کاروبار کو ٹائر ون ریٹیلر قرار دینے کی شرط بھی ختم کردی گئی۔ اس کے باوجود ٹیکسوں کی بھاری ذمہ داریاں، پیچیدہ قانونی تقاضے اور حکام کی جانب سے من مانے مطالبات کے خدشات ان مراعات کے فوائد پر غالب آسکتے ہیں۔
قواعد و ضوابط کی پابندی کرنے والے اسٹورز کو سیلز ٹیکس اور دیگر قانونی تقاضوں کے اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں، جبکہ مؤثر نگرانی سے باہر کام کرنے والے حریف ان اخراجات سے بچ سکتے ہیں۔ اگر تاجر یہ اضافی اخراجات صارفین پر منتقل کریں تو قیمتوں کے اعتبار سے ان کی مسابقت متاثر ہوتی ہے، جبکہ خود برداشت کرنے کی صورت میں منافع کی شرح کم ہوجاتی ہے۔ کاروباروں کے ساتھ غیر مساوی سلوک سرمایہ کاری اور ترقی کی حوصلہ شکنی کرتا ہے، اگرچہ بعض چھوٹی دکانیں سپلائرز یا دیگر ٹیکس نظاموں کے ذریعے بھی ٹیکس ادا کرتی ہیں۔ کاروبار کا باضابطہ ریکارڈ میں آنا اس کے لیے تجارتی نقصان کا باعث نہیں بننا چاہیے۔
کاروباروں کو باضابطہ معیشت کا حصہ بنانے کے عمل کو کم خرچ اور آسان بنایا جائے۔ حقیقی معنوں میں چھوٹے تاجروں کے لیے ابتدائی مرحلے میں برائے نام انکم ٹیکس کی شرحیں اور ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا سادہ طریقہ متعارف کرانے پر غور کیا جاسکتا ہے، تاہم اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی کاروبار مصنوعی طور پر تقسیم کرکے ٹیکس سے بچنے کی کوشش نہ کرے۔ سپلائی چین کے مختلف مراحل پر وسیع پیمانے پر نسبتاً کم سیلز ٹیکس کی شرح نافذ کرنے کی تجویز بھی قابلِ غور ہے، جس کے ساتھ ان پٹ ٹیکس کریڈٹ اور یکساں عمل درآمد کا نظام موجود ہو۔ مقصد پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والے چند کاروباروں پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے زیادہ سے زیادہ کاروباروں کو ٹیکس نظام میں شامل کرنا ہونا چاہیے۔ تاہم، ٹیکس کی شرحوں میں کمی کے مالی اثرات کا مکمل تخمینہ لگانا اور اس دوران سرکاری آمدنی میں ممکنہ کمی پوری کرنے کے انتظامات کرنا بھی ضروری ہے۔ یہ فرض نہیں کیا جاسکتا کہ ٹیکس کی شرحیں کم کرنے سے ہونے والی آمدنی میں اضافہ خود بخود اس کمی کو پورا کردے گا۔
اسٹیٹ بینک کے صارفین کے ساتھ منصفانہ برتاؤ اور کاروباری طرزِ عمل کے فریم ورک پر مؤثر عمل درآمد بھی ضروری ہے۔ اس کے تحت مالیاتی خدمات کی شرائط واضح ہوں، صارفین کی نجی معلومات کا تحفظ کیا جائے، شکایات درج کرانے کے آسان طریقے اور ان کا مؤثر ازالہ یقینی بنایا جائے اور سائبر سکیورٹی کے مناسب انتظامات موجود ہوں۔ مالیاتی نظام پر اعتماد کی اہمیت اس کی لاگت جتنی ہی ہے۔
چھوٹی رقوم کی باقاعدہ بچت اور رضاکارانہ رقوم کی منتقلی سے لوگوں میں بچت کی عادت پیدا کی جاسکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے روایتی اور شریعت سے ہم آہنگ دونوں طرح کی سہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں۔ منافع، فیسوں اور رقم نکلوانے کی شرائط واضح ہونی چاہئیں۔ مالیاتی مصنوعات کو اس طرح ترتیب دیا جائے کہ بے قاعدہ آمدنی رکھنے والے افراد بھی ان سے فائدہ اٹھا سکیں اور ہنگامی ضرورت کے وقت اپنی رقم نکلوا سکیں۔ بچت کی حوصلہ افزائی کے لیے صارفین کی جمع کردہ رقم کے برابر اضافی رقم دینے کی اسکیموں کو بھی آزمایا جاسکتا ہے، تاہم حکومتی فوائد یا مراعات سے منسلک بچت کو لازمی بنانے کے بجائے رضاکارانہ رکھا جانا چاہیے۔
اسٹیٹ بینک نے اکتوبر 2026 میں اوپن بینکنگ کے مجوزہ ضوابط جاری کیے، جن کے تحت صارفین کی رضامندی سے ان کا مالیاتی ڈیٹا مختلف اداروں کے درمیان شیئر کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ قرض دینے کے فیصلے زیادہ بہتر انداز میں کیے جاسکیں۔ تاہم، اس نظام پر عمل درآمد کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ مالیاتی سہولتوں تک رسائی میں بہتری آئے، لیکن صارفین کی نجی معلومات کا تحفظ متاثر نہ ہو۔
کاروباری اداروں کو مالی وسائل کی فراہمی کے لیے قرض کے ساتھ سرمایہ کاری کے دوسرے ذرائع بھی ضروری ہیں۔ جدت پر مبنی کاروباری اداروں کے پاس اکثر بینکوں سے قرض حاصل کرنے کے لیے درکار ضمانتیں موجود نہیں ہوتیں۔ ایسے میں حصص کے ذریعے سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کار نئے تجربات اور کاروباری منصوبوں کی معاونت کرسکتے ہیں اور ممکنہ نقصانات کا بوجھ بھی برداشت کرسکتے ہیں۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے زیر انتظام محفوظ لین دین کی رجسٹری بھی بچت کی رقوم کو کاروباری اداروں تک پہنچانے میں مدد دے سکتی ہے۔ اس کے ساتھ بہتر کریڈٹ معلومات، قابلِ عمل دیوالیہ پن کے قوانین اور سرمایہ کاری کی گہری منڈیوں کی بھی ضرورت ہے۔ تاہم، جمع کنندگان اور سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے مناسب انتظامات برقرار رکھنا بھی ناگزیر ہے۔
پاکستان کو ایسے ڈیجیٹل مالیاتی نظام کی ضرورت ہے جو بچت کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کرے اور مزدوروں، کسانوں اور خواتین کو محفوظ معاشی زندگی کی تعمیر کے یکساں مواقع فراہم کرے۔ ذمہ دارانہ قرضوں کی فراہمی اور کاروباروں کو باضابطہ معیشت کا حصہ بنانے کے لیے سستے اور آسان طریقہ کار سے ہی مالیاتی سہولتوں تک رسائی کو فائدہ مند بنایا جاسکتا ہے۔ مالیاتی شمولیت کی کامیابی کا اصل پیمانہ اکاؤنٹس کی تعداد نہیں بلکہ ان کے ذریعے پیدا ہونے والے معاشی مواقع ہیں۔
کاپی رائٹ: بزنس ریکارڈر، 2026




















Comments