ریاست جب چاہے کام کر کے دکھا سکتی ہے
- اب حکومت یہ دعویٰ نہیں کر سکتی کہ قواعد و ضوابط، طریقہ کار اور بیوروکریسی تیزی سے کام کرنے کی راہ میں ناقابلِ عبور رکاوٹ ہیں، کیونکہ اس نے اسی بیوروکریسی کے ذریعے کشمیر چوک انڈر پاس بناکر دکھا دیا ہے۔ اب اصل معاملہ یہ ہے کہ حکومت کیا کام کرنا چاہتی ہے، کس کے لیے کرنا چاہتی ہے اور اس کی افادیت جانچنے کا معیار کیا ہوگا
27 روز میں انڈر پاس کی تعمیر ثابت کرتی ہے کہ ریاست کام کر سکتی ہے، اصل سوال یہ ہے کہ وہ دیگر کام اتنے سست رفتار کیوں کرتی ہے؟
5 نومبر کو وزیراعظم نے اسلام آباد کے کشمیر چوک انڈر پاس کا افتتاح کیا، جو 1.4 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا اور بقول حکام اسے صرف 27 روز میں مکمل کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ تکنیکی طور پر یہ منصوبہ 23 روز میں مکمل ہو چکا تھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر میں اس نوعیت کی کوئی مثال نہیں دیکھی۔
تاہم وہ اس سے پہلے بھی ایسی مثال دیکھ چکے ہیں۔ دسمبر 2024 میں جناح ایونیو پر ایف ایٹ انڈر پاس 42 روز میں مکمل ہونے کے بعد کھولا گیا تھا۔ مئی 2025 میں مری روڈ پر جناح اسکوائر انڈر پاس کا باضابطہ افتتاح 35 روز میں کیا گیا۔ ہر منصوبے کو ریکارڈ قرار دیا گیا اور ہر بار وزیر داخلہ خود گاڑی چلا کر وہاں سے گزرے۔ یوں اسلام آباد میں ریکارڈ وقت میں انڈر پاس تعمیر کرنے کی ایک نئی روایت جنم لے چکی ہے۔
اس سلسلے کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ کسی ایک منصوبے کی کامیابی سے بڑھ کر بہت کچھ بتاتا ہے۔ ایک منصوبے کی تیز رفتار تکمیل اتفاق ہو سکتی ہے، لیکن تین منصوبے ایک طریقہ کار کی نشاندہی کرتے ہیں۔ یہی طریقہ کار ایک ایسا سوال اٹھاتا ہے جس سے تقریبات اور جشن کے ماحول میں گریز کیا جاتا ہے کہ اگر ریاست فیصلہ کر لے تو اتنی تیزی سے کام کر سکتی ہے تو پھر وہ شاذونادر ہی ایسا فیصلہ کیوں کرتی ہے؟
ان 27 روز کے دوران کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) وہی ادارہ تھا، وہی قواعد و ضوابط، وہی انجینئرز اور وہی ٹھیکیدار کام کر رہے تھے۔ تبدیلی صرف ترجیحات میں آئی تھی۔ ایک وزیر نے منصوبے کی ذمہ داری اپنے سر لی، ڈیڈ لائن کا اعلان سرعام کیا گیا، وہ منظوریوں جو عموماً فائلوں میں گردش کرتی رہتی ہیں، انہیں اجلاسوں میں نمٹا دیا گیا اور ناکامی کی صورت میں ذمہ دار کا تعین بھی واضح تھا۔
یہ صورت حال پاکستان کی ترقیاتی ناکامیوں کے بارے میں روایتی مؤقف پر نظرثانی کا تقاضا کرتی ہے۔ ہم عموماً ناکامیوں کا ذمہ دار انتظامی صلاحیت کی کمی، تربیت یافتہ عملے کی قلت، پیچیدہ طریقہ کار اور اداروں کے درمیان اختیارات کی تقسیم کو قرار دیتے ہیں۔ یہ مسائل اپنی جگہ موجود ہیں، لیکن اگر اصل رکاوٹ صلاحیت کی کمی ہوتی تو یہی ادارے ہر منصوبے میں یکساں طور پر ناکام رہتے۔ ایسا نہیں ہے۔ ان کی ناکامی مخصوص معاملات میں سامنے آتی ہے۔ پاکستان میں ریاستی صلاحیت کا مسئلہ محض وسائل اور اہلیت کی کمی نہیں بلکہ یہ بھی ہے کہ ریاست کن کاموں کو ترجیح دیتی ہے اور کنہیں نظرانداز کرتی ہے۔ سیاسی توجہ ہی اس ترجیح کا تعین کرتی ہے۔
تاہم تالیاں بجانا تجزیہ نہیں ہوتا۔ ایک سنجیدہ قاری کو یہ سوال بھی اٹھانا چاہیے کہ کام کی رفتار بڑھانے کے لیے کن چیزوں پر سمجھوتہ کیا گیا؟ سب سے پہلے لاگت کو دیکھتے ہیں۔ کسی منصوبے کی مدت کم کرنا عموماً مفت نہیں ہوتا۔ چوبیس گھنٹے کام، اضافی اخراجات پر مشینری اور عملے کی فوری فراہمی اور بیک وقت مختلف مراحل پر کام کرنے کے اپنے اخراجات ہوتے ہیں۔ کیا 1.4 ارب روپے کی لاگت معمول کے دورانیے میں مکمل ہونے والے منصوبے کی تھی یا ہنگامی بنیادوں پر کام مکمل کرنے کی؟ اگر یہی منصوبہ تین ماہ میں مکمل کیا جاتا تو اس پر کتنی لاگت آتی؟
دوسرا اہم پہلو طریقہ کار ہے۔ کیا ٹھیکے پی پی آر اے کے قواعد کے تحت کھلے اور مسابقتی طریقے سے دیے گئے یا ہنگامی حالات سے متعلق خصوصی اختیارات استعمال کیے گئے؟ کیا ٹریفک اسٹڈی، ماحولیاتی جائزہ اور ڈیزائن کی آزادانہ جانچ کی گئی؟ ان تمام دستاویزات کو عوام کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔ اس لیے نہیں کہ کسی بدعنوانی کا پہلے سے شبہ ہے بلکہ اس لیے کہ جس منصوبے کو ایک مثالی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، اس کا آزادانہ آڈٹ بھی ممکن ہونا چاہیے۔
تیسرا پہلو منصوبے کی پائیداری ہے۔ تیز رفتاری اسی وقت قابلِ تعریف ہے جب تعمیر شدہ ڈھانچہ طویل عرصے تک قائم رہ سکے۔ پہلی مون سون بارشوں کے بعد آزادانہ تکنیکی آڈٹ، افتتاحی تقریب کی کسی بھی تقریر سے زیادہ اہمیت رکھتا ہوگا۔
چوتھا پہلو منصوبے کا مقصد ہے۔ وزیراعظم نے دارالحکومت کی خوب صورتی اور تزئین و آرائش کو آئندہ سال ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے وفود سے جوڑا ہے۔ یہ ایک جائز مقصد ہے، لیکن یہ بات قابلِ غور ہے کہ آخر کس کی آمد نے اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ڈیڈ لائن مقرر کروائی؟
اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ انڈر پاس پر سرمایہ کاری غلط تھی۔ ممکن ہے اس منصوبے سے روزانہ سفر کرنے والوں کا قیمتی وقت بچتا ہو۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہم اس کا درست اندازہ نہیں لگا سکتے، کیونکہ حکومت نے کامیابی جانچنے کا پیمانہ عوام کو پہنچنے والے فائدے کے بجائے منصوبے کی تکمیل کے دنوں کو بنایا۔
یہ سوال اٹھانا آسان ہے کہ اگر انڈر پاس 27 روز میں تعمیر ہو سکتا ہے تو اسکول بھی 27 روز میں کیوں نہیں بہتر بنائے جا سکتے؟ تاہم، یہ موازنہ حد سے زیادہ سادہ ہے اور اس کی کمزوری کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔ انڈر پاس کی تعمیر ایک محدود نوعیت کا انجینئرنگ منصوبہ ہے، جس کا ایک مخصوص مقام، ایک ذمہ دار ادارہ، واضح منصوبہ بندی اور تکمیل کی متعین مدت ہوتی ہے۔ اس کے برعکس بچوں کو تعلیمی معیار کے مطابق پڑھنا سکھانے کا انحصار اساتذہ، طلبہ اور والدین کے درمیان روزانہ ہونے والے لاکھوں روابط پر ہے، جن کی نگرانی کوئی وزیر کسی تعمیراتی مقام پر بیٹھ کر نہیں کر سکتا۔ بعض مسائل ایسے ہوتے ہیں جنہیں محض تیز رفتاری سے حل نہیں کیا جا سکتا۔
تاہم اس دلیل کی حقیقت پسندانہ تشریح اسے کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط بناتی ہے۔ ہماری بیشتر سرکاری خدمات میں ناکامی کی وجوہات اتنی پیچیدہ بھی نہیں ہیں۔ ان میں سے بہت سے مسائل اسی نوعیت کے ہیں جنہیں انڈر پاس کی تعمیر کے دوران حل کیا گیا۔ مثلاً کسی اسکول میں دو سال سے استاد کی آسامی خالی ہونا، کسی اسپتال میں ایکسرے مشین کا غیر فعال ہونا، فنڈز تاخیر سے جاری ہونے کے باعث کسی ترقیاتی اسکیم کا تعطل کا شکار ہونا یا کسی منصوبے کی لاگت میں چار مرتبہ اضافہ کیے جانے کے باوجود کسی کو جوابدہ نہ ٹھہرایا جانا۔ یہ سب رابطہ کاری اور ذمہ داری کے تعین میں ناکامیاں ہیں، بالکل وہی مسائل جن پر قابو پانے کی صلاحیت ریاست نے حال ہی میں اس وقت دکھائی جب اس نے ایسا کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس کی وجہ کوئی پراسرار نہیں۔ انڈر پاس کے لیے ایک مخصوص مقام، افتتاحی تقریب میں کاٹا جانے والا فیتہ اور تصویر موجود ہوتی ہے، لیکن بہتر تعلیمی نتائج کی کوئی ایسی ظاہری علامت نہیں ہوتی۔ اسی طرح ایسی اسپتال انتظامیہ کے لیے کوئی افتتاحی تقریب نہیں ہوتی جو باقاعدگی سے ادویات کی فراہمی یقینی بنائے۔ سیاسی مفادات ان کاموں کو ترجیح دیتے ہیں جن کے نتائج انتخابی مدت کے دوران دکھائی دے سکیں، بجائے ان اقدامات کے جن کے ثمرات ایک پوری نسل کو حاصل ہوتے ہیں۔
اس ترجیح کے منفی اثرات بھی یکساں نہیں ہوتے۔ تاخیر سے تعمیر ہونے والی سڑک ٹریفک کی روانی متاثر کرتی ہے، لیکن پانچ سال تک اسکول میں زیرِ تعلیم رہنے کے باوجود پڑھنا نہ سیکھنے والا بچہ زندگی بھر کی آمدنی سے محروم ہو جاتا ہے۔ تین سال تک بے روزگار رہنے والا گریجویٹ اپنی مہارت اور اعتماد کھو دیتا ہے، جس کی بحالی معیشت کے لیے بھی مشکل ہوتی ہے۔ یہ نقصانات خاموشی سے بڑھتے رہتے ہیں، ان کے لیے نہ تعمیراتی رکاوٹیں کھڑی ہوتی ہیں، نہ الٹی گنتی کی گھڑیاں لگتی ہیں اور نہ ہی ٹیلی ویژن پر پیش رفت کے جائزے نشر کیے جاتے ہیں۔
اس معاملے کا ایک اور اہم پہلو وسائل کی منصفانہ تقسیم بھی ہے۔ کشمیر چوک وفاقی دارالحکومت میں واقع ہے، جو پہلے ہی پاکستان کا سب سے زیادہ سہولیات یافتہ شہر ہے۔ سوال یہ ہے کہ ہر روپے سے کس کو فائدہ پہنچتا ہے اور اسی رقم سے مزید کیا کچھ کیا جا سکتا تھا؟ یہ بنیادی معاشی سوالات ہیں اور انہیں ہر بڑے تشہیری منصوبے کے حوالے سے اٹھایا جانا چاہیے، چاہے وہ کتنی ہی تیزی سے مکمل کیوں نہ ہوا ہو۔
اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد بیشتر اسکولوں اور اسپتالوں کی ذمہ داری صوبوں کے پاس ہے، اس لیے کوئی وفاقی وزیر سندھ یا بلوچستان میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے براہِ راست احکامات جاری نہیں کر سکتا۔ تاہم اسلام آباد خود اس حوالے سے ایک منصفانہ معیار فراہم کرتا ہے۔ وفاقی حکومت دارالحکومت کے سرکاری اسکولوں اور بڑے سرکاری اسپتالوں کو براہِ راست چلاتی ہے۔ جس انتظامیہ نے ریکارڈ وقت میں تین انڈر پاس تعمیر کیے ہیں، وہ وہاں بھی یہی طریقہ کار اپنا سکتی ہے۔
اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) کے لیے مختصر اور قابلِ پیمائش اہداف مقرر کیے جائیں۔ ان میں منظور شدہ اساتذہ کی تمام خالی آسامیاں پُر کرنا، ہر پرائمری اسکول میں فعال بیت الخلا اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی، وفاقی اسپتالوں میں ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ یقینی بنانا اور مریضوں کے انتظار کے اوقات شائع کرنا شامل ہو۔ ہر ہدف کے لیے کسی مخصوص افسر کو ذمہ دار مقرر کیا جائے اور پیش رفت کا جائزہ ہر ماہ عوام کے سامنے پیش کیا جائے، بالکل اسی طرح جیسے انڈر پاس کے منصوبے کی نگرانی کی گئی۔
اس ضمن میں دو حفاظتی اقدامات اہم ہیں۔ پہلا یہ کہ کارکردگی جانچنے کے لیے صرف کام کی تکمیل یا تعداد کے بجائے حقیقی نتائج کو معیار بنایا جائے۔ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے بجائے طلبہ کی تعلیمی قابلیت کا آزادانہ جائزہ لیا جائے اور اسپتالوں کے وارڈز کا افتتاح کرنے کے بجائے مریضوں کا علاج یقینی بنایا جائے۔ اگر سرکاری افسران کو اپنی کارکردگی کا خود ہی جائزہ لینے کا اختیار دیا گیا تو وہ اعداد و شمار میں ردوبدل کرکے اہداف حاصل کرنے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔ دوسرا یہ کہ ہر بڑے ترقیاتی منصوبے کے لیے ایک عوامی ڈیش بورڈ جاری کیا جائے، جس میں منصوبے کی ابتدائی لاگت، اصل تکمیل کی مدت، ہر نظرثانی کی تفصیلات، ذمہ دار افسر کا نام اور حقیقی پیش رفت واضح طور پر درج ہو۔
یہاں ایک اور بنیادی حقیقت کو بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ ایسا نظام جو صرف کسی بااثر وزیر کی مداخلت کے بعد کام کرتا ہو، مضبوط نہیں بلکہ دوسروں کا محتاج ہوتا ہے۔ اس کی کامیابی صرف اس وقت تک برقرار رہتی ہے جب تک کسی ایک شخص کی توجہ اس پر مرکوز رہے۔ اچھی حکمرانی کا اصل امتحان یہ نہیں کہ کوئی وزیر ایک انڈر پاس تعمیر کروا سکتا ہے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ کیا ایک ہزار ترقیاتی منصوبے اس وقت بھی کامیاب ہو سکتے ہیں جب کوئی وزیر ان کی نگرانی نہ کر رہا ہو۔
یہی انتخابی مہم کے انداز میں حکمرانی اور مضبوط اداروں کے ذریعے حکمرانی کے درمیان فرق ہے۔ انڈر پاس نے ثابت کیا ہے کہ پہلا طریقہ کار مؤثر ہو سکتا ہے، لیکن پاکستان کو اب دوسرے طریقے کی ضرورت ہے۔
لہٰذا، 27 روز میں منصوبے کی تکمیل کو سراہنے کے بعد اسے ایک مثال کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔ اس کامیابی نے حکومت کا ایک آسان عذر ختم کر دیا ہے۔ اب حکومت یہ دعویٰ نہیں کر سکتی کہ قواعد و ضوابط، طریقہ کار اور بیوروکریسی تیزی سے کام کرنے کی راہ میں ناقابلِ عبور رکاوٹ ہیں، کیونکہ اس نے اسی بیوروکریسی کے ذریعے یہ کام کرکے دکھا دیا ہے۔ اب اصل معاملہ یہ ہے کہ حکومت کیا کام کرنا چاہتی ہے، کس کے لیے کرنا چاہتی ہے اور اس کی افادیت جانچنے کا معیار کیا ہوگا۔
انڈر پاس ٹریفک کے لیے کھل چکا ہے، لیکن اصل اہمیت کا حامل منصوبہ ابھی بمشکل شروع ہوا ہے۔
کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026





















Comments