ایف بی آر کا فیصلہ ٹیکس تعمیل کے عمل کو پیچیدہ بنا سکتا ہے، سالٹ مینوفیکچررز
- سیلز اور انکم ٹیکس کے نظام کو الگ کرنے سے تاجروں اور صنعت کاروں کو متعلقہ معاملات حل کرانے کے لیے مختلف دفاتر کے چکر لگانے پڑ سکتے ہیں، اسماعیل ستار
سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس ایم سے پی) کے چیئرمین اسماعیل ستار نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا جس کے تحت سیلز ٹیکس کے انتظامی امور کو انکم ٹیکس کے معاملات سے الگ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس اقدام سے ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کا عمل مزید پیچیدہ ہو سکتا ہے اور کاروباری اداروں کے انتظامی اخراجات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولی اور ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے متعارف کرائی جانے والی انتظامی اصلاحات کا مقصد ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنا ہونا چاہیے، نہ کہ ان کے لیے مزید دفتری اور طریقۂ کار کی رکاوٹیں پیدا کرنا۔
سیلز اور انکم ٹیکس کے نظام کو الگ کرنے سے تاجروں اور صنعت کاروں کو متعلقہ معاملات حل کرانے کے لیے مختلف دفاتر کے چکر لگانے پڑ سکتے ہیں، جس سے دستاویزی کارروائی میں اضافہ، انتظامی تاخیر اور کاروبار کا قیمتی وقت ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
اسماعیل ستار نے کہا کہ پاکستان کے کاروباری اور صنعتی شعبے پہلے ہی بھاری ٹیکسوں، توانائی اور پیداواری لاگت میں اضافے، مالی وسائل تک محدود رسائی اور پیچیدہ ضابطہ جاتی تقاضوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ مؤثر رابطہ کاری کے نظام کے بغیر ٹیکسوں کا الگ انتظامی ڈھانچہ متعارف کرانے سے ان مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے، جن کے پاس اضافی قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے محدود وسائل ہوتے ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے لیے الگ الگ انتظامی نظام قائم کرنے سے اختیارات کے دائرہ کار، ٹیکس گوشواروں کی جانچ پڑتال، آڈٹ، ریفنڈز اور ٹیکس دہندگان کی شکایات کے ازالے سے متعلق معاملات میں ابہام پیدا ہو سکتا ہے۔
متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی کا فقدان کاروباری اداروں کے لیے دہرے طریقۂ کار اور غیر ضروری پیچیدگیوں کا باعث بھی بن سکتا ہے۔





















Comments