سویا بین آئل اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے پام آئل مزید سستا
- پام آئل کے بینچ مارک معاہدے کی قیمت ایک رنگٹ کمی کے بعد 4,239 رنگٹ فی میٹرک ٹن رہ گئی
شکاگو میں سویا بین کے تیل اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث بدھ کو ملائیشین پام آئل کے مستقبل کے سودوں (فیوچرز) کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم دالیان مارکیٹ میں حریف خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں اضافے نے پام آئل کی قیمتوں میں مزید گراوٹ کو محدود رکھا۔
برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں فروری میں ترسیل کے لیے پام آئل کے بینچ مارک معاہدے کی قیمت دوپہر کے وقفے تک ایک رنگٹ یا 0.02 فیصد کمی کے بعد 4,239 رنگٹ فی میٹرک ٹن رہ گئی۔
شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں سویا بین کے تیل کے فیوچرز کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا جس نے پام آئل کی قیمتوں میں تیزی سے بحالی کے عمل کو کسی حد تک محدود رکھا ہے۔ ممبئی میں قائم بروکریج کمپنی سن وِن گروپ کے سربراہ برائے کموڈٹی ریسرچ انیل کمار باگانی نے یہ بات کہی۔
گزشتہ سیشن میں پام آئل کی قیمت پانچ مسلسل سیشنز میں کمی کے بعد 2.39 فیصد بڑھ گئی تھی۔
دالیان مارکیٹ میں سویا بین کے تیل کے سب سے زیادہ کاروبار ہونے والے معاہدے کی قیمت میں 0.18 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پام آئل کے معاہدے میں 1.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں سویا بین کے تیل کی قیمتوں میں 1.03 فیصد کمی ہوئی۔
پام آئل کی قیمتوں کا انحصار بڑی حد تک دیگر مسابقتی خوردنی تیلوں کی قیمتوں کی نقل و حرکت پر ہوتا ہے، کیونکہ عالمی نباتاتی تیلوں کی مارکیٹ میں پام آئل کو ان تیلوں کے ساتھ مسابقت کا سامنا ہے۔





















Comments