اینتھروپک کے حصص آئی پی او قیمت سے نیچے آگئے، مارکیٹ ویلیو میں 200 ارب ڈالر کمی
- کمپنی کے حصص 12.6 فیصد کمی کے بعد 76.6 ڈالر پر آگئے، جبکہ 19 نومبر کو کاروبار کے پہلے روز ان کی قیمت 111.50 ڈالر تک پہنچ گئی تھی
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کمپنی اینتھروپک کے حصص منگل کو اپنی ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کی 83 ڈالر قیمت سے نیچے آگئے، جس کے نتیجے میں کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں تقریباً 200 ارب ڈالر کمی کے قریب پہنچ گئے۔ یہ صورتحال نیس ڈیک پر ریکارڈ ساز آغاز کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔
کمپنی کے حصص 12.6 فیصد کمی کے بعد 76.6 ڈالر پر آگئے، جبکہ 19 نومبر کو کاروبار کے پہلے روز ان کی قیمت 111.50 ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔ پہلے روز حصص آئی پی او قیمت سے 17 فیصد اضافے پر بند ہوئے تھے، تاہم بعد ازاں ٹیکنالوجی اسٹاکس میں وسیع تر فروخت کے دباؤ نے انہیں بھی متاثر کیا۔
اے آئی کمپنیوں کی بلند مالیت اور کمپیوٹنگ انفرااسٹرکچر پر بھاری سرمایہ کاری کے حوالے سے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔ شرح سود میں اضافے سے ان اخراجات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر میں سست روی اینتھروپک کی ترقی، مستقبل کی آمدنی اور حصص کی قدر کو متاثر کرسکتی ہے۔
کمپنی کے سی ای او ڈاریو اموڈی اور صدر ڈینیئلا اموڈی نے آئی پی او کے ایک روز بعد 28 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے 33 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ حصص فروخت کیے۔ کمپنی کو اب کم قیمت اوپن ویٹ اے آئی ماڈلز سے بڑھتے ہوئے مقابلے کا بھی سامنا ہے، جن میں ڈیپ سیک، میسٹرال اور مون شاٹ اے آئی شامل ہیں۔
دوسری جانب بڑے انڈیکسز میں شمولیت سے حصص کو سہارا ملنے کی توقع ہے۔ ایم ایس سی آئی 30 نومبر کے اختتام پر اینتھروپک کو اپنے عالمی معیاری انڈیکسز میں شامل کرے گا، جس سے غیر فعال فنڈز کی جانب سے خریداری بڑھ سکتی ہے۔





















Comments