بارشیں معمول سے کم، سندھ کے مختلف علاقوں کو خشک سالی کا خطرہ
- بلوچستان میں بھی مسلسل پانچ ماہ بارشیں معمول سے کم رہیں
سندھ میں کئی ماہ سے معمول سے کم بارشوں کے باعث خشک سالی کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس سے فصلوں، مویشیوں اور دیہی آبادی کے روزگار کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ موسم سرما میں بھی جنوبی پاکستان میں خشک موسم برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے نیشنل مانیٹرنگ اینڈ ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق سندھ میں جولائی سے نومبر تک بارشوں کی مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی۔ اکتوبر میں بارشوں کی کمی 100 فیصد جبکہ یکم سے 20 نومبر تک 99 فیصد رہی۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں جولائی میں معمول سے 61 فیصد، اگست میں 22 فیصد اور ستمبر میں 90 فیصد کم بارش ہوئی۔ بلوچستان میں بھی پانچوں جائزہ ادوار کے دوران بارشیں معمول سے کم رہیں، جبکہ پنجاب میں بارشوں کا رجحان مختلف رہا۔
طویل خشک موسم کے باعث زمین میں نمی کم ہونے اور زرعی پانی کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔




















Comments