اکتوبر 2026ء میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات تاریخ کی بلند ترین ماہانہ سطح 45 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں
- سالانہ بنیادوں پر 17.4 فیصد جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 4.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا
پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی برآمدات اکتوبر 2026ء میں تاریخ کی بلند ترین ماہانہ سطح 45 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو عالمی اقتصادی غیر یقینی صورت حال اور ابھرتے ہوئے تکنیکی چیلنجز کے باوجود بین الاقوامی منڈیوں میں اس شعبے کی بڑھتی ہوئی رسائی کی عکاسی کرتی ہے۔
سالانہ بنیادوں پر آئی ٹی برآمدات میں 17.4 فیصد اضافہ ہوا، جو اکتوبر 2025ء میں 38 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔ ماہانہ بنیادوں پر ٹیلی کمیونیکیشن، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز کی برآمدات میں اکتوبر کے دوران 4.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ستمبر 2026ء میں ان کی مالیت 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھی۔
تازہ ترین برآمدی اعدادوشمار نے دسمبر 2025ء میں قائم ہونے والا 43 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا سابقہ ماہانہ ریکارڈ اور ستمبر 2026ء میں رپورٹ ہونے والی 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی برآمدات کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جو ملک کی آئی ٹی برآمدات میں مسلسل اضافے کے رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر مالی سال 2027ء) کے دوران آئی ٹی برآمدات ایک ارب 69 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ان کی مالیت ایک ارب 44 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھی۔ اس طرح سالانہ بنیادوں پر آئی ٹی برآمدات میں 15.5 فیصد، یعنی تقریباً 25 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اگرچہ آئی ٹی برآمدات کی مالیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تاہم ان کی شرح نمو گزشتہ عرصے میں ریکارڈ کی گئی تقریباً 20 فیصد شرح کے مقابلے میں سست پڑ گئی ہے۔ شرح نمو میں اس کمی نے شعبے سے وابستہ فریقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے، جن کا خیال ہے کہ عالمی ٹیکنالوجی مارکیٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
برآمدات کے اعدادوشمار میں پاکستان کی فری لانس کمیونٹی کا نمایاں حصہ بھی شامل ہے، جو مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بین الاقوامی صارفین کو آئی ٹی سے متعلق خدمات فراہم کرتی ہے۔
شعبے کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے آئی ٹی برآمد کنندہ اور ایس آئی گلوبل سلوشنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر نعمان اے نے کہا کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کو برآمدات میں تیزی سے اضافے کے لیے نئی بین الاقوامی منڈیوں میں امکانات تلاش کرنے اور زیادہ مالیت کے حامل صارفین حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی آئی ٹی کمپنیوں کو مختلف ممالک میں بڑے پیمانے کے منصوبوں میں حصہ لینے کے لیے بین الاقوامی اور ملکی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کرنا چاہیے، تاکہ وہ اپنے کاروباری دائرہ کار کو وسعت دینے کے ساتھ برآمدی آمدنی میں بھی اضافہ کر سکیں۔
ڈاکٹر نعمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت اور نجی شعبے کو موجودہ آئی ٹی ماہرین کی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کو ترجیح دینی چاہیے، بالخصوص مصنوعی ذہانت، خودکاری، روبوٹکس اور سائبر سیکیورٹی جیسے ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبوں میں۔
ان کا کہنا تھا کہ جامعات اور کالجوں کو بھی ٹیکنالوجی پر مرکوز تعلیم اور تربیتی پروگراموں کو مضبوط بنانا چاہیے، تاکہ ایسا ہنرمند افرادی قوت تیار کی جا سکے جو ملکی صنعت کی ضروریات کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی منڈیوں میں آئی ٹی ماہرین کی بڑھتی ہوئی طلب بھی پوری کر سکے۔
مالی سال 2025-26ء کے دوران آئی ٹی برآمدات ریکارڈ 4 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی تھیں، تاہم یہ حکومت کے 5 ارب ڈالر کے ہدف سے کم رہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2026-27ء میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 5 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب قومی اقتصادی منصوبے ’’اڑان پاکستان‘‘ کے تحت حکومت نے مالی سال 2028-29ء تک آئی ٹی برآمدات 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
ہیکسالائز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سعد شاہ نے کہا کہ آئی ٹی شعبے کو اپنی عالمی ساکھ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے برآمدی منڈیوں میں تنوع لانا چاہیے۔ ان کے مطابق خلیجی خطے میں فوجی کشیدگی کے دوران امن کے قیام کے لیے پاکستان کے اقدامات کے باعث عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص ابھرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ، آسیان خطے اور آسٹریلیا میں مصنوعی ذہانت پر مبنی خودکاری اور کاروباری اداروں کے لیے ٹیکنالوجی حل فراہم کرنے کی غرض سے نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش کی جانی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ماہانہ برآمدات بڑھ کر 50 کروڑ ڈالر تک پہنچ جائیں تو آئی ٹی شعبہ اپنا ہدف حاصل کر سکتا ہے۔
ایس بی پی کے اعدادوشمار کے مطابق آئی ٹی شعبے کا خدمات کے شعبے میں سب سے زیادہ حصہ ہے، جس کی مالیت ایک ارب 66 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی۔ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران خدمات کی مجموعی برآمدات میں 69 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اکتوبر 2026ء کے اختتام پر ان کی مالیت 3 ارب 72 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔




















Comments