بیرون ملک تجارتی مشنز میں تعیناتی، وزارت تجارت نے نئی میرٹ پالیسی متعارف کرادی
- پالیسی کے تحت تین اقسام کے ملازمین بیرون ملک تعیناتی کے اہل ہوں گے، جن میں کمرشل اسسٹنٹس، ڈرائیورز اور میسنجر کم ڈرائیورز، جبکہ سیکیورٹی گارڈز شامل ہیں
وزارت تجارت نے بیرون ملک پاکستانی تجارتی مشنز کے کمرشل سیکشنز میں تعیناتی کے لیے پاکستان میں مقیم سرکاری ملازمین کے انتخاب کا نیا میرٹ پر مبنی نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت تحریری امتحان، مہارت کے ٹیسٹ، انٹرویو، کارکردگی کی جانچ اور سخت اہلیت کی شرائط مقرر کی گئی ہیں۔
سیکریٹری تجارت کی منظوری سے 6 نومبر 2026 کو جاری ہونے والی نئی پالیسی کا مقصد بیرون ملک تجارتی مشنز میں تعیناتی کے عمل کو شفاف بنانا اور بین الاقوامی تجارت، غیر ملکی سرمایہ کاری اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے اہل عملے کا انتخاب یقینی بنانا ہے۔
پالیسی کے تحت تین اقسام کے ملازمین بیرون ملک تعیناتی کے اہل ہوں گے، جن میں کمرشل اسسٹنٹس، ڈرائیورز اور میسنجر کم ڈرائیورز، جبکہ سیکیورٹی گارڈز شامل ہیں۔
کمرشل اسسٹنٹس کے انتخاب میں تحریری امتحان کو 60 فیصد، انٹرویو کو 30 فیصد اور سالانہ کارکردگی رپورٹس کو 10 فیصد اہمیت دی جائے گی۔ تحریری امتحان اور مہارت کے ٹیسٹ کے مجموعی 100 نمبروں میں سے 70 نمبر تحریری امتحان اور 30 نمبر مہارت کے ٹیسٹ کے ہوں گے۔ 50 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے والے امیدوار ناکام قرار پائیں گے۔
امتحان پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ (پٹاد) اسلام آباد میں ہوگا۔ کامیاب امیدواروں کو بیرون ملک تعیناتی سے قبل چار ہفتوں کی تربیت بھی دی جائے گی۔
ڈرائیورز اور میسنجر کم ڈرائیورز کا انتخاب سنیارٹی اور اہلیت کی بنیاد پر ہوگا، جبکہ ان کے پاس کم از کم پانچ سال پرانا مؤثر ڈرائیونگ لائسنس ہونا لازمی ہوگا۔ ان کی ڈرائیونگ مہارت کا امتحان اسلام آباد ٹریفک پولیس لے گی، جس میں جی پی ایس اور گوگل میپس کے استعمال کی صلاحیت بھی جانچی جائے گی۔ سیکیورٹی گارڈز کا انتخاب بھی سنیارٹی اور موزونیت کی بنیاد پر ہوگا۔
نئی پالیسی کے مطابق درخواست دینے والے ملازمین کے لیے وزارت تجارت میں کم از کم پانچ سال کی مسلسل سروس لازمی قرار دی گئی ہے۔ بیرون ملک سے واپس آنے والے افسران دو سال تک ہیڈکوارٹر میں خدمات انجام دینے کے بعد دوبارہ اہل ہوں گے۔
ملازمین کی بیرون ملک تعیناتی کی معمول کی مدت تین سال مقرر کی گئی ہے اور اس میں توسیع صرف ناگزیر حالات میں ممکن ہوگی۔ دو مرتبہ بیرون ملک تعیناتی حاصل کرنے یا کسی ایک مشن میں مسلسل چھ سال گزارنے والے ملازمین دوبارہ اہل نہیں ہوں گے۔
مزید برآں، غیر تسلی بخش سیکیورٹی کلیئرنس، محکمانہ کارروائی، بڑی سزاؤں یا ناقص کارکردگی کے حامل ملازمین کو نااہل قرار دیا جائے گا۔ بیرون ملک تعیناتی کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس اور ملازمین و ان کے ہمراہ جانے والے اہل خانہ کے طبی فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہوں گے۔
پالیسی کے تحت منتخب ملازمین کو تحریری یقین دہانی کرانا ہوگی کہ وہ میزبان ملک میں شہریت، مستقل رہائش یا سیاسی پناہ کے لیے درخواست نہیں دیں گے۔ خلاف ورزی کی صورت میں انہیں مستقبل میں بیرون ملک تعیناتی کے لیے مستقل نااہل قرار دیا جاسکے گا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026






















Comments