اینویڈیا سربراہ غیر ملکی انٹیلی جنس کا نشانہ بنے؟ کمپنی نے تحقیقات شروع کردیں
- یہ پیش رفت ایک میڈیا رپورٹ کے بعد سامنے آئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہوانگ کے سنگاپور کی کمپنی میگاسپیڈ کی سابق عہدیدار ایلس ہوانگ سے قریبی تعلقات تھے
امریکی چپ ساز کمپنی اینویڈیا نے کہا ہے کہ اس کا بورڈ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ کے خلاف غیر ملکی انٹیلی جنس کی مبینہ کوششوں کے حوالے سے آزادانہ تحقیقات شروع کر رہا ہے۔
یہ پیش رفت ایک میڈیا رپورٹ کے بعد سامنے آئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہوانگ کے سنگاپور کی کمپنی میگاسپیڈ کی سابق عہدیدار ایلس ہوانگ سے قریبی تعلقات تھے، جنہیں امریکی حکام نے چینی انٹیلی جنس کا اثاثہ قرار دیا تھا۔
اینویڈیا کے مطابق بورڈ کو فی الحال یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ امریکی قومی سلامتی یا کمپنی کے خفیہ راز متاثر ہوئے ہیں، تاہم تحقیقات میں تمام دستیاب معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔ آزاد ڈائریکٹرز کی کمیٹی بیرونی قانونی مشیروں کی معاونت سے تحقیقات کی نگرانی کرے گی۔
ہوانگ نے ملازمین کو پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے عمل کی مکمل ذمہ داری قبول کی اور معافی مانگی۔ انہوں نے کمپنی اور امریکی قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق تحقیقات سے اینویڈیا کے حصص پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، جو پہلے ہی مصنوعی ذہانت کی صنعت میں سرمایہ کاری کے مستقبل سے متعلق خدشات کے باعث گراوٹ کا شکار ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہوانگ کو ایک اچھا شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے معاملہ ٹھیک ہوگا۔ ادھر امریکی قانون سازوں نے بھی ہوانگ سے کانگریس کو بریفنگ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔























Comments