72 گھنٹے کے بعد ایف بی آر ای-انووائس میں ترمیم یا منسوخی کیسے کریں
- یہ سہولت ایف بی آر کے آئی آر آئی ایس پورٹل کے ذریعے دستیاب ہوگی، جس کے لیے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو (سی آئی آر) کی پیشگی منظوری لازمی ہوگی
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرادی ہے، جس کے تحت وہ مقررہ 72 گھنٹے کی مدت گزرنے کے بعد بھی الیکٹرانک سیلز ٹیکس انوائس میں ترمیم یا اسے منسوخ کرنے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
یہ سہولت ایف بی آر کے آئی آر آئی ایس پورٹل کے ذریعے دستیاب ہوگی، جس کے لیے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو (سی آئی آر) کی پیشگی منظوری لازمی ہوگی۔ اس کا مقصد ٹیکس دہندگان کو ایسی درست الیکٹرانک سیلز ٹیکس (ڈی آئی) انوائسز میں غلطیوں یا تضادات کی اصلاح کا موقع فراہم کرنا ہے، جن کا پتا 72 گھنٹے کی مقررہ مدت گزرنے کے بعد چلے۔
پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) کی جانب سے جاری کردہ صارف رہنما کتابچے کے مطابق، ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس کے ذریعے درخواست جمع کراسکتے ہیں اور ٹیکس حکام کے جائزے کے لیے معاون دستاویزات بھی منسلک کرسکتے ہیں۔
اس سہولت سے استفادہ کرنے کا مرحلہ وار طریقہ درج ذیل ہے۔
ترمیم یا منسوخی کے لیے درخواست کیسے دیں؟
پہلا مرحلہ: آئی آر آئی ایس میں لاگ اِن کریں
ایف بی آر کے آئی آر آئی ایس پورٹل پر اپنے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کریں۔ مرکزی مینیو سے سیلز ٹیکس کا سیکشن کھولیں اور درخواستوں (Applications) کا انتخاب کریں۔
دوسرا مرحلہ: متعلقہ درخواست منتخب کریں
دستیاب اختیارات میں سے 72 گھنٹے کے بعد الیکٹرانک سیلز ٹیکس انوائس میں ترمیم کی درخواست (Application for Amendment in Electronic Sales Tax Invoice (after 72 hrs)) منتخب کریں۔
متعلقہ ٹیکس کی مدت کا انتخاب کریں اور Continue پر کلک کریں۔
تیسرا مرحلہ: انوائس شامل کریں
ڈی آئی سیل انوائس (DI Sale Invoice) کا سیکشن کھولیں اور Add Invoice پر کلک کریں۔
اس مرحلے پر آپ کو ایف بی آر انوائس ٹرانزیکشن نمبر درکار ہوگا، جسے ماسٹر انوائس نمبر بھی کہا جاتا ہے۔ یہ نمبر منتخب کردہ ٹیکس مدت کے لیے ڈی آئی انوائس مینجمنٹ سیکشن میں دستیاب ہوتا ہے۔ یہ انوائس نمبر میں ہائفن (-) سے پہلے درج ہوتا ہے۔
یہ نمبر سرچ فیلڈ میں درج کریں اور Search پر کلک کریں۔ نتائج میں سے متعلقہ انوائس منتخب کریں۔
چوتھا مرحلہ: ترمیم یا منسوخی کا انتخاب کریں
انوائس منتخب کرنے کے بعد دستیاب دو اختیارات میں سے ایک کا انتخاب کریں:
- ترمیم کے لیے: Load For Modification منتخب کریں۔ انوائس کھولیں، Edit پر کلک کریں، مطلوبہ تبدیلیاں کریں اور Save Item منتخب کریں۔
- منسوخی کے لیے: Load For Discard منتخب کریں۔ متعلقہ انوائس منتخب کریں، Delete/Discard پر کلک کریں اور Yes منتخب کرکے کارروائی کی تصدیق کریں۔
ایک ہی درخواست میں ترمیم کے لیے منتخب کی گئی انوائس کو منسوخی کے لیے شامل نہیں کیا جاسکتا۔ اسی طرح منسوخی کے لیے منتخب کردہ انوائس میں اسی درخواست کے ذریعے ترمیم بھی نہیں کی جاسکتی۔
پانچواں مرحلہ: معاون دستاویزات منسلک کریں
Attachments ٹیب کھولیں اور متعلقہ معاون دستاویزات پی ڈی ایف فارمیٹ میں اپ لوڈ کرنے کے لیے + کے نشان پر کلک کریں۔ دستاویزات منسلک کرنے کے بعد OK پر کلک کریں۔
درخواست کا جائزہ لیں اور Submit پر کلک کرکے اسے جمع کرادیں۔
درخواست جمع ہونے کے بعد کیا ہوگا؟
درخواست جمع ہونے کے بعد جائزے کے لیے ٹیکس حکام کو بھیج دی جائے گی۔ متعلقہ ٹیکس افسر یا کمشنر آئی آر آئی ایس کے اندرونی خط و کتابت کے نظام کے ذریعے مزید معلومات یا وضاحت طلب کرسکتا ہے۔
اگر وضاحت طلب کی جائے تو ٹیکس دہندگان Outbox کھول کر Sales Tax منتخب کریں اور 72 گھنٹے کے بعد الیکٹرانک سیلز ٹیکس انوائس میں ترمیم کی درخواست کا انتخاب کرکے جواب دے سکتے ہیں۔
Assignment ٹیب میں متعلقہ اسائنمنٹ منتخب کریں اور Reply پر کلک کریں۔ اس کے بعد Clarification Provided منتخب کریں، مطلوبہ وضاحت درج کریں اور Save پر کلک کریں۔
اس کے بعد ٹیکس حکام درخواست کا جائزہ لیں گے۔ کمشنر یا ٹیکس افسر ہر انوائس آئٹم کی الگ الگ یا متعدد آئٹمز کی بیک وقت منظوری یا درخواست مسترد کرسکتا ہے۔
اہم پابندیاں جن کا خیال رکھنا ضروری ہے
ٹیکس دہندگان ایسی انوائسز میں ترمیم یا انہیں منسوخ کرنے کے لیے درخواست نہیں دے سکتے جو پہلے ہی سیلز ٹیکس ریٹرن یا فیڈرل ایکسائز ریٹرن کے اینکسچر-سی میں شامل کی جاچکی ہوں۔
ایسی انوائسز کے لیے بھی درخواست کی اجازت نہیں ہوگی جنہیں کسی دوسری درخواست کے تحت کمشنر پہلے ہی منظور کرچکا ہو، جن کے لیے پہلے درخواست جمع کرائی جاچکی ہو اور کمشنر اسے مسترد کرچکا ہو، یا جن کے متعلق کسی دوسری درخواست پر فیصلہ ہونا باقی ہو۔
جب تک درخواست زیر التوا رہے گی، ٹیکس دہندہ سیلز ٹیکس ریٹرن کا اینکسچر-سی جمع نہیں کراسکے گا۔ آئی آر آئی ایس سسٹم فیصلہ ہونے تک اس کی جمع آوری روک دے گا۔
اگر درخواست منظور ہوجاتی ہے تو ترمیم شدہ انوائسز سسٹم کی توثیق سے مشروط اینکسچر-سی میں شامل کرنے کے لیے دستیاب ہوں گی۔ اگر درخواست مسترد کردی جاتی ہے تو اصل انوائسز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور انہیں اینکسچر-سی اور جہاں قابل اطلاق ہو، فیڈرل ایکسائز ریٹرن میں شامل کیا جائے گا۔
ٹیکس دہندگان ایک ہی ٹیکس مدت کے لیے ایک سے زیادہ درخواستیں بھی جمع کراسکتے ہیں، بشرطیکہ ہر درخواست میں شامل انوائسز مذکورہ پابندیوں کے زمرے میں نہ آتی ہوں۔
ایک مثال
فرض کریں کہ ایک دکان دار لیپ ٹاپ کی الیکٹرانک سیلز ٹیکس انوائس جاری کرتا ہے، لیکن بعد میں اسے پتا چلتا ہے کہ فروخت کی رقم، سیلز ٹیکس کی رقم یا انوائس کی دیگر تفصیلات غلط درج ہوگئی ہیں۔ اگر اس غلطی کا پتا پانچ دن بعد چلتا ہے تو ٹیکس دہندہ عام 72 گھنٹے کی سہولت استعمال نہیں کرسکے گا۔
نئے طریقہ کار کے تحت ٹیکس دہندہ آئی آر آئی ایس کے ذریعے اہل انوائس میں ترمیم کے لیے درخواست دے سکتا ہے، معاون دستاویزات منسلک کرسکتا ہے اور کمشنر کی منظوری حاصل کرسکتا ہے۔ اگر کوئی انوائس غلطی سے جاری ہوگئی ہو تو ٹیکس دہندہ اسے منسوخ کرنے کے لیے بھی درخواست دے سکتا ہے۔
تاہم، انوائس میں تبدیلی یا اس کی منسوخی خودکار طور پر نہیں ہوگی۔ اس کا اطلاق صرف اسی صورت میں ممکن ہوگا جب متعلقہ ٹیکس حکام درخواست کا جائزہ لینے کے بعد اسے منظور کریں گے۔
مذکورہ مضمون بزنس ریکارڈر (ڈیجیٹل) کے ہیڈ آف پولیٹکس ڈیسک بصیر احمد کی جانب سے تحریر کیا گیا ہے۔























Comments