شاستری کا ورلڈ کپ سے قبل بمراہ کو محتاط ہوکر استعمال کرنے کا مشورہ
- کمر کی انجری کے باعث 32 سالہ بمراہ کا کیریئر متاثر رہا، 2023 میں سرجری بھی کرانا پڑی
بھارت کے سابق کوچ راوی شاستری نے مشورہ دیا ہے کہ اگلے سال ہونے والے ایک روزہ ورلڈ کپ کے پیش نظر فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو زیادہ تر ٹیسٹ کرکٹ تک محدود رکھا جائے اور دیگر فارمیٹس میں انہیں ضرورت کے مطابق ہی کھلایا جائے۔
بمراہ کو گزشتہ ہفتے نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ میں شامل کیا گیا، تاہم وہ اس سے قبل ہونے والے پانچ ایک روزہ اور پانچ ٹی 20 میچز نہیں کھیلیں گے۔
32 سالہ بمراہ کا کیریئر کمر کی انجریز کے باعث متاثر رہا ہے اور انہیں 2023 میں سرجری بھی کرانا پڑی تھی۔ اگست میں بائیں گھٹنے کی انجری کے باعث وہ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہوگئے تھے، تاہم ایشین گیمز میں ٹی 20 کرکٹ میں واپسی کرتے ہوئے بھارت کو طلائی تمغہ جتوانے میں مدد دی۔
2017 سے 2021 تک بھارتی ٹیم کے کوچ رہنے والے شاستری نے اتوار کو بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ تک بمراہ کو تینوں فارمیٹس میں مسلسل نہیں کھلانا چاہیے۔ ان کے مطابق بمراہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں، جبکہ ایک روزہ اور ٹی 20 میچوں میں انہیں وقفے وقفے سے موقع دیا جائے۔ شاستری نے کہا کہ بمراہ کو ٹیسٹ میچوں کے لیے محفوظ رکھنا اہم ہے کیونکہ وہ بھارتی ٹیم کے کلیدی کھلاڑی ہیں۔
نیوزی لینڈ کے دورے کے بعد بھارت سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کھیلے گا، جس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز فروری میں ختم ہوگی۔ ایک روزہ ورلڈ کپ 2027 میں جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں 2 اکتوبر سے 21 نومبر تک کھیلا جائے گا۔






















Comments