سابق عالمی نمبر 6 ٹینس اسٹار گائل مونفلس کی ریٹائرمنٹ سے متعلق آئی ٹی آئی اے کو آگاہ کر دیا گیا
- فرانس کے کرشماتی شخصیت کے حامل ٹینس اسٹار گیل مونفلس نے 40 سال کی عمر میں پیشہ ورانہ ٹینس سے باضابطہ ریٹائرمنٹ لے لی ہے
انٹرنیشنل ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی کے مطابق فرانس کے سابق عالمی نمبر چھ ٹینس اسٹار گیل مونفلس 40 سال کی عمر میں پیشہ ورانہ ٹینس سے ریٹائر ہو گئے ہیں۔
ایجنسی کے ترجمان نے بدھ کو رائٹرز کو بتایا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد مونفلس کھیل کے انسدادِ ڈوپنگ ضوابط کے دائرے سے نکل گئے ہیں اور اب ٹورنامنٹس میں شرکت کے اہل نہیں رہے۔ ان کا نام ایجنسی کی ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی سرکاری فہرست میں بھی شامل کر دیا گیا ہے۔
فرانسیسی کھلاڑی نے اکتوبر 2025 میں اعلان کیا تھا کہ وہ 2026 کے سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے۔ توقع تھی کہ وہ نومبر میں پیرس میں ہونے والے اے ٹی پی ماسٹرز 1000 ایونٹ میں اپنے کیریئر کا اختتام کریں گے۔
اپنی نسل کے کرشماتی کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے مونفلس اپنی غیرمعمولی جسمانی پھرتی، دلکش کھیل اور شائقین کو محظوظ کرنے کے منفرد انداز کے لیے مشہور تھے۔ انہوں نے اے ٹی پی ٹور کے سنگلز مقابلوں میں 13 ٹائٹل جیتے۔ ان کی پہلی ٹائٹل فتح 2005 میں پولینڈ میں ہوئی، جبکہ آخری ٹائٹل جنوری 2025 میں آکلینڈ میں اپنے نام کیا۔
مونفلس کی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں بہترین کارکردگی سیمی فائنل تک رسائی رہی، جہاں وہ 2008 میں فرنچ اوپن اور 2016 میں یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچے۔ ان کے گرینڈ سلیم کیریئر کا اختتام رواں سال یو ایس اوپن میں ہوا، جہاں انہیں دوسرے راؤنڈ میں امریکی کھلاڑی لرنر ٹیئن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
رائٹرز نے مونفلس کی ایجنسی سے اس حوالے سے تبصرے کے لیے رابطہ کیا ہے۔
























Comments