ڈالر کے مقابلے میں روپے کی پیش قدمی جاری
- ڈالر کے مقابلے روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 276.96 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی پیش قدمی جاری رہی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق منگل کو کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 276.96 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ پیر کو مقامی کرنسی 276.97 روپے پر بند ہوئی تھی۔
ایشیائی مارکیٹ میں منگل کو امریکی ڈالر کی قدر مستحکم رہی، جبکہ مشرق وسطیٰ اور یوکرین میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر تازہ حملوں کے بعد جغرافیائی سیاسی خطرات بڑھ گئے۔
ڈالر انڈیکس ایشیائی کاروبار کے دوران 102.56 پر رہا۔ پیر کو انڈیکس میں 0.3 فیصد اضافہ ہوا تھا اور ڈالر اپریل 2025 کے بعد اپنی بلند ترین سطح کے قریب موجود ہے۔
آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں پیپر اسٹون گروپ کے سربراہ برائے تحقیق کرس ویسٹن کے مطابق نسبتاً بلند شرح سود، امریکی معیشت کی مضبوط نمو اور محفوظ سرمایہ کاری کے لیے ڈالر کی بڑھتی طلب امریکی کرنسی کو سہارا دے رہی ہے۔
منگل کو یورو 1.1159 ڈالر اور برطانوی پاؤنڈ 1.3209 ڈالر پر مستحکم رہے۔ جاپانی ین کے مقابلے میں ڈالر 0.1 فیصد کمی سے 158.435 ین پر آگیا۔ چینی یوآن چار سال کی مضبوط ترین سطح کے قریب رہا۔
ادھر آسٹریلیا کے مرکزی بینک نے مہنگائی برقرار رہنے کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے مزید شرح سود بڑھانے کا امکان برقرار رکھا ہے۔
دوسری جانب برینٹ خام تیل 0.9 فیصد کمی سے 105.74 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔























Comments