10 ارب روپے کی سبسڈی پر اتفاق، وزیراعلیٰ پنجاب کا گندم اور آٹا سستے داموں فراہم کرنے کا حکم
- وزیراعلیٰ مریم نواز کا آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر اظہارِ برہمی، فلور ملز کو رعایتی سرکاری گندم کی فراہمی کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہر صورت گندم اور آٹے کی مناسب قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں آٹے کی بلا تعطل اور سستے داموں فراہمی کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فلور ملز کو 3,800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جانے والی رعایتی سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سبسڈی کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور عوام کو مناسب نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے عوام پر مہنگائی کا بوجھ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ حکومت آٹا سستا فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو سستا آٹا اور کم قیمت روٹی فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
























Comments