لوٹے کیمیکل پاکستان کا نام تبدیل کرکے نوینٹرا لمیٹڈ رکھ دیا گیا
- نام کی تبدیلی کی منظوری ایس ای سی پی نے دی
لوٹے کیمیکل پاکستان لمیٹڈ (LOTCHEM) نے 5 اکتوبر سے اپنا نام تبدیل کرکے نوینٹرا لمیٹڈ رکھ لیا ہے۔
لسٹڈ کمپنی نے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جمع کرائی گئی ایک فائلنگ میں یہ بات بتائی۔
کمپنی نے بتایا کہ نام کی تبدیلی کی منظوری سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے دی جس نے نام کی تبدیلی کی عکاسی کرنے والا سرٹیفکیٹ آف انکارپوریشن بھی جاری کیا۔
نتیجتاً، کمپنی کی ویب سائٹ بھی تبدیل کرکے www.noventra.ltd کر دی جائے گی۔
ایس ای سی پی کے سرٹیفکیٹ میں کہا گیا کہ یہ تبدیلی اس شرط سے مشروط ہے کہ اس سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تاریخ سے 90 دن کی مدت تک کمپنی اپنے ہر دفتر یا کاروباری مقام کے باہر، جہاں اس کا کاروبار جاری ہے اور متعلقہ ہر دستاویز یا نوٹس میں اپنے نئے نام کے ساتھ سابقہ نام بھی درج کرے گی۔
لوٹے کیمیکل پاکستان لمیٹڈ کو 1998 میں پاکستان میں رجسٹرڈ کیا گیا تھا۔ کمپنی پیوریفائیڈ ٹیریفتھالک ایسڈ (پی ٹی اے) تیار اور فروخت کرتی ہے۔
تاریخی طور پر اس پلانٹ کو ابتدا میں آئی سی آئی نے تیار کیا تھا جس کے بعد یہ پی ٹی اے لمیٹڈ بنا اور پھر لوٹے گروپ نے اسے حاصل کر لیا۔ جنوبی کوریا کی لوٹے کیمیکل کارپوریشن (LCC) کمپنی کی اکثریتی شیئر ہولڈر تھی، جس کے پاس 31 دسمبر 2021 تک 75 فیصد، جبکہ 31 دسمبر 2022 تک 75.01 فیصد سے زائد حصص تھے۔
جنوری 2023 میں لوٹے کیمیکل کارپوریشن نے اپنے کاروباری پورٹ فولیو کو بہتر بنانے کے لیے LOTCHEM میں موجود 75.01 فیصد حصص 15 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد میں فروخت کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا۔ یہ عمل 12 نومبر 2025 تک مکمل ہوگیا، جب مونٹیج کموڈیٹیز ایف زیڈ سی او اور ایشیا پاک انویسٹمنٹس کے مشترکہ منصوبے پی ٹی اے گلوبل ہولڈنگ لمیٹڈ نے LOTCHEM کے جاری اور ادا شدہ مجموعی سرمائے میں سے 78.74 فیصد حصص حاصل کرلیے۔ اس کے ساتھ ہی لوٹے کیمیکل کارپوریشن کی کمپنی سے مکمل علیحدگی ہوگئی۔




















Comments