سندھ حکومت نے کراچی کا سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ فعال کرنے کے لیے 5 ارب روپے مختص کر دیے
- پلانٹ کی گنجائش 51 ملین گیلن یومیہ سے بڑھا کر 100 ملین گیلن یومیہ کی جائے گی، شرجیل میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گریٹر کراچی سیوریج پلان ایس تھری کے تحت ٹریٹمنٹ پلانٹ ون (ٹی پی ون) کو فعال کرنا شہر کے نکاسی آب کے نظام کی بہتری کی جانب اہم قدم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے پلانٹ کو فوری طور پر فعال کرنے کے لیے سیکنڈری ٹریٹمنٹ کی مد میں 5 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ پلانٹ کی گنجائش 51 ملین گیلن یومیہ سے بڑھا کر 100 ملین گیلن یومیہ کی جائے گی۔
شرجیل میمن کے مطابق ایس تھری منصوبے میں لیاری اور ملیر کے تقریباً 56 کلومیٹر طویل ٹرنک سیورز بھی شامل ہیں، جو گندے پانی کو ٹریٹمنٹ پلانٹس تک پہنچائیں گے۔ صاف کیے گئے پانی کو صنعتی مقاصد کے لیے استعمال کرکے میٹھے پانی کے ذخائر پر دباؤ کم کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹریٹمنٹ پلانٹس، مؤثر سیوریج نیٹ ورک اور صاف پانی کا دوبارہ استعمال کراچی کے نکاسی آب کے مسائل کا پائیدار حل فراہم کرسکتے ہیں۔



















Comments