ڈی آئی خان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی، 8 دہشت گرد ہلاک
- ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد کارروائی کی گئی۔
سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کی جانے والی کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے تین اہم کمانڈروں سمیت 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد کارروائی کی گئی۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ کارروائی عزمِ استحکام کے وژن کے تحت کی گئی، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور 3 اہم کمانڈروں کے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ہم غیر ملکی سرپرستی اور مقامی سہولت کاروں کی مدد سے کام کرنے والے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے عزمِ استحکام کے وژن کے تحت فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بروقت اور مؤثر کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو سراہتے ہوئے ان کی بہادری اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔


















Comments