سعودی عرب نے 2034 ورلڈ کپ کے نیوم اسٹیڈیم کا منصوبہ غیر معینہ مدت کیلئے روک دیا
- نیوم اسٹیڈیم کو دی لائن نامی 160 کلومیٹر طویل شیشے اور اسٹیل کے جدید ڈھانچے میں بلند مقام پر تعمیر کیا جانا تھا
سعودی عرب نے 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کے لیے اپنے سب سے بڑے اور اہم منصوبوں میں شامل نیوم اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا ہے۔ یہ بات معاملے سے باخبر دو ذرائع نے بتائی ہے۔
نیوم اسٹیڈیم کو دی لائن نامی 160 کلومیٹر طویل شیشے اور اسٹیل کے جدید ڈھانچے میں بلند مقام پر تعمیر کیا جانا تھا۔ نیوم منصوبہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد معیشت کو متنوع بنانا اور تیل پر انحصار کم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق دی لائن منصوبے میں تاخیر اور اس کے حجم میں کمی کے بعد نیوم اسٹیڈیم کا منصوبہ بھی روک دیا گیا ہے۔ نیوم اور سعودی حکومت کے میڈیا دفتر نے اس حوالے سے تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔
2034 کا ورلڈ کپ سعودی عرب کے لیے ایک اہم عالمی ایونٹ ہے۔ ملک پانچ شہروں میں 15 اسٹیڈیمز کی تعمیر یا تزئین و آرائش کے ساتھ درجنوں تربیتی مراکز تیار کر رہا ہے۔ تعمیراتی شعبے کے اعداد و شمار کے مطابق ان منصوبوں کی مجموعی مالیت 22.7 ارب ڈالر ہے۔
میڈ انڈسٹری کے مطابق نیوم اسٹیڈیم کی متوقع لاگت 2.5 ارب ڈالر تھی اور اس میں 46 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہونی تھی، تاہم منصوبہ فی الحال روکا ہوا درج ہے اور تکمیل کی کوئی تاریخ مقرر نہیں۔
سعودی عرب کو ایران جنگ، توانائی کی ترسیل میں رکاوٹوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان کے باعث معاشی دباؤ کا بھی سامنا ہے۔ حکام نے رواں سال مالی خسارہ توقع سے زیادہ اور حقیقی مجموعی پیداوار میں 3.6 فیصد کمی کی پیش گوئی کی ہے۔
رائٹرز کے مطابق سعودی خودمختار دولت فنڈ مہنگے بڑے منصوبوں سے فوری مالی منافع دینے والے منصوبوں کی جانب توجہ منتقل کر رہا ہے۔

















Comments