امریکی طیارہ بردار بحری جہاز جارج ایچ ڈبلیو بش مشرق وسطیٰ میں تعیناتی کے بعد تھائی لینڈ پہنچ گیا
- تھائی لینڈ جنوب مشرقی ایشیا کے خطے میں امریکا کا واحد معاہداتی اتحادی ہے۔
امریکی طیارہ بردار بحری جہاز جارج ایچ ڈبلیو بش اتوار کو تقریباً 4,800 اہلکاروں کے ہمراہ تھائی لینڈ کے سیاحتی جزیرے فوکٹ کے قریب پہنچ گیا، جہاں مشرق وسطیٰ میں کئی ماہ تک امریکی کارروائیوں میں معاونت کے بعد عملہ آرام اور تفریح کے لیے قیام کرے گا۔
متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق نیمٹز کلاس کا طیارہ بردار بحری جہاز ایران کے ساتھ تنازع کے دوران بحیرہ عرب میں تعینات تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق جہاز سمندر میں لنگر انداز رہے گا، جبکہ عملے کے ارکان فوکٹ ڈیپ سی پورٹ کے ذریعے ساحل پر آئیں گے اور 4 سے 9 اکتوبر تک مقبول جنوبی سیاحتی جزیرے پر وقت گزاریں گے۔
یہ دورہ گزشتہ ماہ مشرقی تھائی لینڈ میں لیم چابانگ بندرگاہ پر امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کے پانچ روزہ قیام کے بعد ہورہا ہے۔ اس جہاز پر تقریباً 5,000 امریکی ملاح اور میرینز سوار تھے۔
ایک مقامی میئر نے اندازہ لگایا تھا کہ ابراہم لنکن کے دورے کے دوران ہر امریکی فوجی اہلکار یومیہ 3,000 بھات (89 ڈالر) تک خرچ کرسکتا ہے۔
تھائی لینڈ جنوب مشرقی ایشیا کے خطے میں امریکا کا واحد معاہداتی اتحادی ہے۔



















Comments