بھارت کے مینوفیکچرنگ شعبے میں ستمبر کے دوران نمایاں توسیع ہوئی، جس کے ساتھ تین ماہ سے جاری سست روی کا سلسلہ ختم ہوگیا۔ ایک نجی سروے کے مطابق مضبوط طلب کے باعث فیکٹریوں کی سرگرمیوں میں سات ماہ کی تیز ترین شرح سے اضافہ ہوا، ملازمتوں کے مواقع بحال ہوئے اور کاروباری اعتماد میں بہتری آئی۔
ایس اینڈ پی گلوبل کی مرتب کردہ ایچ ایس بی سی انڈیا مینوفیکچرنگ پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس (پی ایم آئی) اگست میں پانچ سال کی کم ترین سطح 52.8 سے بڑھ کر ستمبر میں 55.1 ہوگئی، تاہم یہ 55.7 کی ابتدائی اندازے سے کم رہی۔
پی ایم آئی کی یہ سطح فروری کے بعد بلند ترین ہے۔ 50.0 سے زیادہ پی ایم آئی ریڈنگ کاروباری سرگرمیوں میں نمو کی نشاندہی کرتی ہے۔
سروے کے مطابق نئے آرڈرز میں فروری کے بعد تیز ترین رفتار سے اضافہ ہوا جس کی وجہ الیکٹرانک، غذائی، دواسازی اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی مضبوط طلب رہی۔
برآمدی آرڈرز میں بھی تیزی آئی جبکہ مینوفیکچررز نے برازیل، یورپ، متحدہ عرب امارات اور امریکا کے صارفین کی جانب سے طلب میں اضافے کی نشاندہی کی۔
پیداواری سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا اور توسیع کی رفتار مئی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جسے نئے کاروباری آرڈرز اور بلند طلب سے سہارا ملا۔
سروے میں کہا گیا کہ کمپنیوں نے متوقع فروخت کی تیاری کے لیے مزید خام مال خریدا اور اپنے ذخائر میں اضافہ کیا۔
ایچ ایس بی سی کے چیف انڈیا اکانومسٹ پرانجول بھنڈاری نے کہا کہ تیار شدہ مصنوعات کے ذخائر میں تقریباً 12 سال کے دوران دوسری سب سے بڑی شرح سے اضافہ ہوا ہے جو اس بات کی واضح علامت ہے کہ کمپنیوں نے کم سے کم ذخائر رکھنے کی حکمت عملی سے رخ موڑ لیا ہے۔
طلب میں اضافے کے باعث بھرتیوں کا سلسلہ بھی دوبارہ شروع ہوگیا۔ روزگار میں مئی کے بعد تیز ترین شرح سے اضافہ ہوا جبکہ اگست میں اس میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ اگست کی کمی ڈھائی سال میں فیکٹریوں میں روزگار میں پہلی کمی تھی۔
ستمبر میں کاروباری اعتماد چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ نئے استفسارات اور طلب برقرار رہنے کی توقعات کے باعث کاروباری رجائیت میں اضافہ ہوا۔
لاگت کے دباؤ میں اضافہ ہوا اور خام مال کی لاگت میں افراط زر کی رفتار اگست کے مقابلے میں تیز ہوگئی، جس کی بنیادی وجہ الیکٹرانک پرزہ جات، دواسازی کی اشیا اور اسٹیل کی قیمتوں میں اضافہ تھا۔
تاہم افراط زر کی شرح طویل مدتی اوسط سے کم رہی۔ فروخت کی قیمتوں میں بھی اگست کے مقابلے میں اضافہ ہوا، اگرچہ اس کی رفتار معمولی اور طویل مدتی رجحان سے کم رہی۔
اگست میں افراط زر مسلسل تیسرے ماہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے 4 فیصد کے درمیانی مدت کے ہدف سے اوپر رہا جس کی بنیادی وجہ توانائی اور غذائی اشیا کی لاگت میں نمایاں اضافہ تھا۔
بڑھتی مہنگائی سے نمٹنے کے لیے توقع ہے کہ آر بی آئی رواں سال شرح سود میں مجموعی طور پر 50 بیسس پوائنٹس اضافہ کرکے اسے 5.75 فیصد تک لے جائے گا۔
























Comments