اے کے ڈی سیکیورٹیز نے ڈھیڈی، حنا جنید کے نام پر جعلی سرمایہ کاری اسکیم سے خبردار کردیا
- نامعلوم افراد یا گروہوں نے فیس بک سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی اکاؤنٹس اور پیجز بنائے ہیں
اے کے ڈی سیکیورٹیز لمیٹڈ نے سرمایہ کاروں کو اے کے ڈی گروپ کے چیئرمین عقیل کریم ڈھیڈی اور کمپنی کی چیئرپرسن حنا جنید کی نقالی پر مبنی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ اور ڈیپ فیک ویڈیوز کے ذریعے کیے جانے والے فراڈ سے خبردار کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ مواد غیر مجاز سرمایہ کاری اسکیموں اور اسٹاک مارکیٹ سے متعلق مشاورتی خدمات کے نام پر رقوم حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کیے گئے نوٹس میں بروکریج ہاؤس نے بتایا کہ نامعلوم افراد یا گروہوں نے فیس بک سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی اکاؤنٹس اور پیجز بنائے ہیں جن میں عقیل کریم ڈھیڈی اور حنا جنید کے نام، تصاویر اور آوازیں استعمال کی گئی ہیں۔ کمپنی کے مطابق ان شخصیات کی نقالی کے لیے اے آئی سے تیار کردہ یا ڈیپ فیک ویڈیو مواد استعمال کیا جارہا ہے۔
کمپنی نے کہا کہ اس سرگرمی کا مقصد بظاہر جعلی اور غیر مجاز اسکیموں/مشاورتی خدمات کے نام پر لسٹڈ سیکیورٹیز/اسٹاکس میں سرمایہ کاری کے لیے رقوم حاصل کرنا ہے۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے مطابق انہوں نے 16 ستمبر کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں شکایت درج کرائی ہے جس میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات اور مقدمہ درج کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ پلیٹ فارمز سے جعلی مواد ہٹانے یا اسے بلاک کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
کمپنی نے کہا کہ ہم ایسی دھوکہ دہی پر مبنی سرگرمیوں کے ذمہ دار افراد کے خلاف دستیاب تمام قانونی ذرائع اختیار کررہے ہیں۔
لسٹڈ کمپنی نے واضح کیا کہ وہ ایسے کسی بھی فراڈ پر مبنی مواد، اکاؤنٹس، کالرز یا کسی بھی ایسی ویب سائٹ یا ایپلی کیشن سے اپنے تعلق کی مکمل تردید کرتی ہے جو اس نوعیت کے دعووں کی تشہیر کر رہی ہو۔
کمپنی نے کہا کہ نہ عقیل کریم ڈھیڈی، نہ حنا جنید، نہ کمپنی اور نہ ہی اے کے ڈی گروپ کے کسی ادارے نے ایسی کسی سرمایہ کاری اسکیم، پلیٹ فارم، اکاؤنٹ، پیج یا گروپ کا آغاز کیا ہے، نہ اس کی توثیق یا اسپانسرشپ کی ہے، نہ اس کی اجازت دی ہے اور نہ ہی کسی اور طریقے سے اس سے وابستہ رہے ہیں۔
بروکریج ہاؤس نے سرمایہ کاروں اور عام عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاط برتیں اور ایسے کسی بھی غیر مجاز مواد یا کالز سے رابطہ کرنے، ان پر بھروسہ کرنے یا ان کی بنیاد پر کوئی اقدام کرنے سے گریز کریں۔
























Comments