شہباز شریف اور بل گیٹس میں ایگری ٹیک، اے آئی تعاون پر اتفاق
- وزیراعظم شہباز شریف سے بل گیٹس کی ملاقات، پولیو کے خاتمے کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی معاونت پر شکریہ ادا کیا
وزیراعظم شہباز شریف اور گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس نے صحتِ عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم آفس (پی ایم او) نے بدھ کو جاری بیان میں بتایا کہ یہ پیشرفت وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر بل گیٹس سے ملاقات کے دوران ہوئی۔
رواں ماہ کے آغاز میں گیٹس فاؤنڈیشن کی ٹیم کے پاکستان کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی شمولیت کے لیے پاکستان کے ساتھ فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس اہم مقصد کے لیے طویل عرصے سے معاونت فراہم کرنے پر گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور پولیو کے خاتمے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا اظہار کیا۔
بل گیٹس نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کو اس معذور کردینے والی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا خاتمہ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں پولیو ویکسین پروگرام کے لیے صوبائی حکومتوں کی رہنمائی کرنے پر وزیراعظم کے ذاتی کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں قابلِ اعتماد شراکت دار کا کردار ادا کرنے پر گیٹس فاؤنڈیشن کو خراجِ تحسین پیش کیا اور صحتِ عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے بل گیٹس کو حکومت کی جانب سے زرعی شعبے میں کی جانے والی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا جن میں جدت، بائیوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابل لچک، تحقیق اور کسانوں کی استعداد کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ دونوں فریقوں نے بہتر بیجوں، مویشیوں کی جینیاتی خصوصیات اور ابھرتی ہوئی زرعی ٹیکنالوجیز کی تیاری میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کا اختتام اس مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا کہ پائیدار ترقی، تکنیکی پیش رفت اور پاکستان کے عوام کے لیے سماجی شعبے کے بہتر نتائج کے حصول کے لیے شراکت داریوں کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کی غرض سے مسلسل اور تعمیری روابط جاری رکھے جائیں گے۔
اپنے سابقہ دوروں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس کو اپنی سہولت کے مطابق جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
























Comments