پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنی سیفائر فائبرز بھی آئیسکو کی نجکاری کی دوڑ میں شامل
- آئیسکو کے مطابق منظوری ملنے کے بعد کمپنی کنسورشیم تشکیل دے سکتی ہے
سیفائر فائبرز لمیٹڈ کے بورڈ نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی نجکاری کے عمل میں حصہ لینے کی منظوری دے دی۔
لسٹڈ ٹیکسٹائل کمپنی نے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ’’سیفائر فائبرز لمیٹڈ نے نجکاری کمیشن کی جانب سے آئیسکو کے نجکاری کے ذریعے حصص کی فروخت کے لیے جاری کردہ اہلیت کے بیان کی درخواست، جس میں وقتاً فوقتاً ترمیم یا اضافہ کیا جاتا رہا ہے، حاصل کرلی ہے۔‘‘
نوٹس کے مطابق، ’’کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مذکورہ لین دین میں شرکت کی منظوری دے دی ہے، تاہم تاحال کمپنی نے اس حوالے سے کوئی پابند ذمہ داری قبول نہیں کی، جبکہ اس کی شرکت نجکاری کمیشن کی جانب سے پیشگی اہلیت کے تعین اور تمام مطلوبہ کارپوریٹ و ریگولیٹری منظوریوں سے مشروط ہے۔‘‘
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ منظوری ملنے کے بعد کمپنی کنسورشیم تشکیل دے سکتی ہے۔
آئیسکو کی نجکاری حکومت کی جانب سے بجلی کی تقسیم کار متعدد کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد ترسیلی نقصانات میں کمی، بجلی کے بلوں کی وصولی بہتر بنانا اور خدمات کی فراہمی کے معیار کو بلند کرنا ہے۔
مئی میں حکومت نے فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی نجکاری کے لیے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں سے اظہارِ دلچسپی طلب کیے تھے، جس کے تحت 51 فیصد سے 100 فیصد تک حصص انتظامی کنٹرول سمیت پیش کیے جانے تھے۔ آئیسکو کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 ستمبر 2026 مقرر کی گئی تھی۔
اس کے بعد جولائی میں نجکاری کمیشن کے بورڈ نے سفارش کی کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی تنظیمِ نو کے منصوبوں اور انتظامی بندوبست کی اسکیموں کی منظوری دے۔ تجارتی طور پر قابلِ عمل لین دین کا ڈھانچہ تشکیل دینے کے لیے حکومت کی ملکیت میں ایک خصوصی مقصدی ادارہ (ایس پی وی) قائم کیا جائے گا، جو منتخب اثاثوں اور واجبات کو الگ کرے گا۔
کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) نے فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی تنظیمِ نو کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ اس منصوبے کے تحت منتخب اثاثے، جن میں زمین بھی شامل ہے، اور بعض واجبات، بالخصوص پہلے ہی ریٹائر ہو چکے ملازمین کے بعد از ریٹائرمنٹ فوائد، حکومت کی ملکیت میں قائم خصوصی مقصدی ادارے (ایس پی وی) کو منتقل کیے جائیں گے، جبکہ موجودہ ملازمین کے فوائد ڈسکوز کے پاس ہی رہیں گے۔
گزشتہ ماہ آئیسکو کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 21 ستمبر 2026 کر دیا گیا تھا تاکہ ممکنہ سرمایہ کاروں کو مزید وقت فراہم کیا جا سکے۔
آئیسکو کے مطابق گزشتہ دو مالی برسوں کے دوران لائن لاسز میں کمی آئی ہے اور یہ شرح 8.75 فیصد سے کم ہو کر 7.6 فیصد رہ گئی ہے۔
























Comments