سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور نیوٹیک کے اشتراک سے نوجوانوں کے لیے تربیتی پروگرام کا پہلا مرحلہ مکمل
سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس ایم اے پی) نے نیوٹیک کے اشتراک سے نوجوانوں کو فنی مہارتیں فراہم کرنے اور انہیں روزگار، کاروبار کرنے کے قابل بنانے کے لیے تربیتی پروگرام کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا۔
پروگرام کے تحت قائدآباد میں 75 طلبہ کو مائننگ ٹیکنیکس، امپورٹ و ایکسپورٹ ڈاکیومنٹیشن، ویلیو ایڈیشن اور صنعت سے متعلق دیگر شعبوں میں عملی تربیت دی گئی جس کا مقصد نوجوانوں کو مارکیٹ اور صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ مہارت کے قابل بنانا ہے تاکہ وہ روزگار حاصل کرنے کے ساتھ اپنا کاروبار بھی شروع کرسکیں۔
سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن صائمہ اختر اور سابق چیئرمین قاسم یعقوب پراچہ نے کہا کہ 75 طلبہ کی تربیت کی تکمیل اہم کامیابی ہے۔ تربیتی پروگرام اگلے مراحل میں کراچی کھیوڑہ، ٹوبہ اور دیگر علاقوں میں شروع کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد پروگرام کو مزید وسعت دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں تربیت حاصل کرنے والے امیدواروں کی تعداد بھی بڑھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مائننگ، ویلیو ایڈیشن اور امپورٹ و ایکسپورٹ کے شعبوں میں تربیت دے کر صنعت کی ضروریات کے مطابق تیار کیا جاسکتا ہے۔ صنعت اور تربیتی اداروں کے درمیان تعاون سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ مقامی صنعت کی پیداواری صلاحیت اور برآمدی استعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ایس ایم اے پی مستقبل میں مزید تربیتی پروگرام منعقد کرکے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو فنی مہارتیں فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
چیئرپرسن صائمہ اختر اور سابق چیئرمین قاسم یعقوب پراچہ نے تربیتی پروگرام کے حوالے سے ممبر ایگزیکٹیو کمیٹی شمس العارفین، نیوٹیک ٹیم، تربیتی اداروں کے مؤثر کردار کو سراہا اور ساتھ پروگرام کے شرکاء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید اور صنعت سے متعلق مہارتیں فراہم کرنا ملکی معاشی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے لہٰذا سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ملکی معیشت کے استحکام اور برآمدات کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
























Comments