ایگزِم بینک کے صدر کا برآمدی شعبے کے فروغ کے لیے جامع حکمتِ عملی پر زور
- صدر لاہور چیمبرسے ایگزم بینک اور آئی سی آئی ای سی کے صدور کی ملاقات
لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان اور اسلامک کارپوریشن فار دی انشورنس آف انویسٹمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کریڈٹ کو برآمدات کے فروغ اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بات انہوں نے ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کے صدر شہباز حسین سید اور آئی سی آئی ای سی کے صدر ڈاکٹر خالد خلیف اللہ سے ملاقات کے دوران کہی۔
فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ لاہور چیمبر پاکستان کے بڑے چیمبرز میں شامل ہے اور اس کے 48 ہزار سے زائد ممبر کاروباری ادارے ہیں۔ لاہور چیمبر بڑی صنعتوں، ایس ایم ایز، برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان سمیت مختلف شعبوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی درآمدات تقریبا 70 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، اس لیے برآمدات میں اضافے اور ان میں تنوع پیدا کرنے کی فوری ضرورت ہے۔
انہوں نے ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان اور اسلامک کارپوریشن فار دی انشورنس آف انویسٹمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کریڈٹ کی قیادت کو لاہور چیمبر آمد پر خوش آمدید کہا اور تجویز دی کہ برآمد کنندگان کی رہنمائی اور مدد کے لیے لاہور چیمبر میں ایک ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے۔
صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ یہ سہولت نہ صرف لاہور چیمبر کے ممبران بلکہ پاکستان کی مجموعی برآمدات بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔
انہوں نے ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے برآمد کنندگان کے ساتھ رابطے بڑھانے کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ لاہور چیمبر، ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان اور آئی سی آئی ای سی کے درمیان تعاون سے برآمدات میں اضافے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر ایگزم بینک پاکستان کے صدر شہباز حسین سید نے کہا کہ ایگزم بینک پاکستان کا قومی ایکسپورٹ کریڈٹ ادارہ ہے اور وہ ملک کے برآمد کنندگان کے قریب رہ کر انہیں مناسب سہولتیں اور معاونت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ایگزم بینکس کئی دہائیوں سے برآمد کنندگان کو سہولیات فراہم کررہے ہیں جبکہ پاکستان کاایگزم بینک نسبتا نیا ادارہ ہے۔ اگرچہ بینک مکمل طور پر حکومت کی ملکیت ہے لیکن اس کا زیادہ تر کام نجی شعبے کے ساتھ ہے، اسی لیے بینک نے کاروباری اور تیز رفتار انداز اپنایا ہے۔
شہباز حسین سید نے کہا کہ وہ ایس ایم ایز ایگزم بینک کی خصوصی توجہ کا مرکز ہیں جو برآمدات کرنے یا ملک کے لیے زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینک کے وسائل محدود ہیں، اس لیے کوشش ہے کہ سہولیات ان کاروباروں تک پہنچائی جائیں جہاں ان کا سب سے زیادہ فائدہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ ایگزم بینک نے حال ہی میں بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اہم معاہدے کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی سی آئی ای سی کے ساتھ معاہدے سے پاکستانی برآمد کنندگان کو بہتر انشورنس سہولیات اور خطرات سے تحفظ حاصل ہوگا۔
انہوں نے پاکستان کا دورہ کرنے اور اس اقدام میں تعاون پر ڈاکٹر خالد خلیف اللہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک اور اہم اقدام ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد خاص طور پر ایس ایم ایز کو درپیش فنانسنگ کے مسائل حل کرنا ہے۔
ان مسائل میں ضمانت اور ضروری دستاویزات کی کمی شامل ہے۔ اس اقدام کے تحت تقریبا 3 ارب روپے کا فنڈ قائم کیا گیا ہے جس سے بین الاقوامی آرڈر رکھنے والے برآمد کنندگان کو کریڈٹ انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے برآمد کنندگان کو ممکنہ خطرات سے تحفظ ملے گا اور وہ انشورنس شدہ برآمدی معاملات کی بنیاد پر بینکوں سے فنانسنگ حاصل کرنے کے بہتر قابل ہو سکیں گے۔
شہباز حسین سید نے مزید بتایا کہ ایگزم بینک نے آٹو سافٹ کے ساتھ بھی ایک معاہدہ کیا جس کے تحت ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار کیا جائے گا۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے آنے والے سال میں بینک کی خدمات کو مزید ڈیجیٹل اور بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایگزم بینک ملک کے بڑے چیمبرز، برآمد کنندگان اور بینکوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ پاکستانی برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کو سمجھا جا سکے اور ان کے عملی حل تلاش کیے جا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ بڑے بینکوں کے سربراہان کے ساتھ ایک سی ای اوراونڈ ٹیبل بھی منعقد کیا گیا جس میں بین الاقوامی شراکت داروں کی مشاورت سے برآمد کنندگان کے مسائل پر غور کیا گیا۔
آئی سی آئی ای سی کے صدر ڈاکٹر خالد خلیف اللہ نے کاروباری برادری کے ساتھ رابطے میں سہولت فراہم کرنے پر لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی آئی ای سی، ایگزم بینک اور ملک کے بڑے چیمبرز کے درمیان مسلسل تعاون پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔























Comments