پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی و زرعی تعاون بڑھانے پر زور
- وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی کی ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعہ کو اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو اپنے دیرینہ تعلقات کو مضبوط اور باہمی مفاد پر مبنی تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے اقتصادی اور زرعی روابط مزید گہرے کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
ایک بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے سعودی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے تینوں ممالک مزید قریب آئے ہیں اور اس معاہدے نے پورے خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان، خصوصاً پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمد کے حوالے سے، جاری مثبت تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے وسائل کے زیادہ مؤثر استعمال کے ذریعے تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان کے زرعی ماہرین کا ایک وفد جلد ریاض کا دورہ کرے گا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان ان امور پر مزید بات چیت کی جائے گی تاکہ اس شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
سعودی وزیر نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔























Comments