جنوبی افریقہ: سابق عالمی باکسنگ چیمپئن ٹیٹے گھر کے باہر فائرنگ سے ہلاک
- جنوبی افریقہ کے ایسٹرن کیپ میں سابق باکسنگ چیمپئن زولانی ٹیٹے گھر کے باہر فائرنگ سے ہلاک، پولیس کی تصدیق
سابق عالمی باکسنگ چیمپئن زولانی ’’لاسٹ بورن‘‘ ٹیٹے کو جمعے کے روز جنوبی افریقہ کے صوبے مشرقی کیپ میں ان کے گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس اور ملک کے وزیر کھیل نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔
38 سالہ ٹیٹے مڈانٹسین ٹاؤن شپ میں واقع اپنی رہائش گاہ پہنچے تو نقاب پوش دو مسلح افراد ایک گاڑی سے اترے اور ان پر فائرنگ کردی۔
وزیر کھیل گیٹن میک کینزی نے ایک بیان میں کہا، ’’میں قیاس آرائی نہیں کروں گا کہ یہ کس نے اور کیوں کیا۔‘‘
ٹیٹے کے قتل نے جنوبی افریقہ میں پُرتشدد جرائم کی جانب ایک بار پھر توجہ مبذول کرادی ہے، جہاں حالیہ عرصے میں قتل کی وارداتوں میں کمی کے باوجود قتل کی شرح اب بھی دنیا کی بلند ترین شرحوں میں شامل ہے۔ عالمی چیمپئن کے قتل نے مشرقی کیپ کی مڈانٹسین ٹاؤن شپ میں بھی گہرا صدمہ پیدا کیا ہے، جہاں سے جنوبی افریقہ کے کئی کامیاب ترین باکسرز نے جنم لیا۔
ٹیٹے کے ساتھ سفر کرنے والی 27 سالہ خاتون کو بھی متعدد گولیاں لگیں اور اسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ قتل کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
ٹیٹے نے 2014 میں جاپان کے تیرو کینوشیتا کو کوبے میں شکست دے کر آئی بی ایف جونیئر بینٹم ویٹ عالمی ٹائٹل جیتا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے ڈبلیو بی او بینٹم ویٹ کا عالمی ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔
بین الاقوامی سطح پر ٹیٹے کو نومبر 2017 میں بیلفاسٹ میں ہم وطن سائبو نیسو گونیا کو صرف 11 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کرنے کے لیے سب سے زیادہ یاد کیا جاتا ہے۔ یہ عالمی ٹائٹل کی فائٹ میں تیز ترین ناک آؤٹ کا ریکارڈ ہے۔
























Comments