پہلے ڈی پی آر پروگرام کے تحت 100 ملین ڈالر تک فنانسنگ متوقع
- اس اقدام میں اہم ضابطہ جاتی، پالیسی اور تکنیکی کام شامل تھا اور اس کی کامیاب پیش رفت ایک اہم پہلا قدم ہے، وزیر خزانہ
پاکستان کے بیرونی فنانسنگ کے منظرنامے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان کے پہلے ڈائیورسفائیڈ پیمنٹ رائٹس (ڈی پی آر) پروگرام کے لیے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) اور بینک الفلاح لمیٹڈ کے درمیان پروجیکٹ معاہدے پر جمعرات کو دستخط ہوگئے۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق معاہدے پرانٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے مڈل ایسٹ اینڈ سینٹرل ایشیا، فنانشل انسٹی ٹیوشنز گروپ کی ریجنل انڈسٹری ڈائریکٹر مومنہ اعجاز الدین اور بینک الفلاح لمیٹڈ کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف اے باجوہ نے دستخط کیے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر آگے بڑھائے جانے والے ڈائیورسفائیڈ پیمنٹ رائٹس پروگرام کے تحت مستقبل میں متوقع اہل غیر ملکی کرنسی کی ادائیگیوں کے ذریعے طویل مدتی غیر ملکی کرنسی فنانسنگ متحرک کرنے کا ایک جدید طریقہ فراہم کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد بیرونی فنانسنگ کے ذرائع کو متنوع بنانا اور بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹس تک زیادہ رسائی حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
فنانس ڈویژن کے مطابق ابتدائی ٹرانزیکشن میں ڈائیورسفائیڈ پیمنٹ رائٹس ڈھانچے کے تحت 100 ملین ڈالر تک کی فنانسنگ متوقع ہے۔
مارکیٹ کی صورتحال اور ابتدائی ٹرانزیکشن کی کارکردگی سے مشروط یہ پروگرام مزید فنانسنگ اور بین الاقوامی ادارہ جاتی و نجی سرمایہ کاروں کی وسیع تر شرکت کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرسکتا ہے۔
اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس ٹرانزیکشن کی تیاری میں وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن اور بینک الفلاح کے درمیان قریبی رابطہ کاری کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام میں اہم ضابطہ جاتی، پالیسی اور تکنیکی کام شامل تھا اور اس کی کامیاب پیش رفت ایک اہم پہلا قدم ہے، جو مستقبل میں اسی نوعیت کے مارکیٹ پر مبنی فنانسنگ ڈھانچوں کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔
وزیر خزانہ نے پاکستان کے غیر ملکی کرنسی فنانسنگ کے ذرائع کو متنوع بنانے اور سرمایہ کاری و پیداواری معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جدید فنانسنگ طریقہ کار تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے فنانسنگ کے اس ذریعے کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے اور ایسے اہل منصوبوں کی پائپ لائن تیار کرنے کی ضرورت بھی اجاگر کی جنہیں غیر ملکی کرنسی میں فنانسنگ درکار ہو۔
انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے نمائندوں نے حکومت پاکستان اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے فراہم کردہ تعاون اور رابطہ کاری کو سراہا اور اس ٹرانزیکشن کو اس مرحلے تک پہنچانے میں تمام متعلقہ فریقوں کی کوششوں کا اعتراف کیا۔
انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ڈائیورسفائیڈ پیمنٹ رائٹس ڈھانچہ طویل مدتی بین الاقوامی فنانسنگ کے لیے ایک اضافی ذریعہ فراہم کرسکتا ہے اور پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس کی مزید ترقی میں کردار ادا کرسکتا ہے۔
بینک الفلاح نے حکومت، اسٹیٹ بینک اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پہلے پاکستانی بینک کی حیثیت سے ڈائیورسفائیڈ پیمنٹ رائٹس ٹرانزیکشن کرنے کا اعزاز اہمیت کا حامل ہے۔ بینک نے اہل غیر ملکی کرنسی کی ضروریات اور پیداواری سرمایہ کاری کے لیے اس ڈھانچے سے فائدہ اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق یہ ٹرانزیکشن پاکستان کی ڈیبٹ کیپیٹل مارکیٹ اور بیرونی فنانسنگ فریم ورک کی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
یہ اقدام مستقبل میں دیگر پاکستانی بینکوں کی جانب سے ڈائیورسفائیڈ پیمنٹ رائٹس ٹرانزیکشنز کے لیے ایک ممکنہ مثال بھی قائم کرتا ہے، تاہم یہ مارکیٹ کی صورتحال اور ابتدائی پروگرام کی کارکردگی سے مشروط ہوگا۔























Comments