سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھارت کے پڈیکل کی ناقابلِ شکست سنچری
- پڈیکل کو سائی سدھرسن کے زخمی ہونے کے بعد آخری وقت میں متبادل کے طور پر دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا
اوپنر دیودت پڈیکل نے ہفتے کے روز یادگار کم بیک کرتے ہوئے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی، جس کی بدولت بھارت نے گال میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے ابتدائی روز کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنا لیے۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز پڈیکل نے شاندار اور بے داغ اننگز کھیلتے ہوئے 131 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی بھارتی ٹیم سری لنکا کے 600ویں ٹیسٹ میں مضبوط پوزیشن پر پہنچ گئی۔
سائی سدھرسن کے انجری کا شکار ہونے کے بعد پڈیکل کو آخری وقت میں متبادل کے طور پر دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، اور انہوں نے بھارت کے لیے مستقل بنیادوں پر نمبر تین کے بلے باز کے طور پر جگہ بنانے کے لیے مضبوط دعویٰ پیش کردیا ہے۔
انہوں نے آخری ٹیسٹ نومبر 2024 میں کھیلا تھا، تاہم گزشتہ ہفتے کولمبو میں وارم اپ میچ کے دوران سنچری اسکور کی تھی اور گال میں بھی عمدہ فارم برقرار رکھی۔
26 سالہ پڈیکل نے دن کے اختتام تک 178 گیندوں کا سامنا کیا، جس میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
وہ اوپنر یشسوی جیسوال کے 32 رنز پر رن آؤٹ ہونے کے بعد کے ایل راہول کے ساتھ کریز پر آئے۔ جیسوال اور راہول کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں جیسوال رن آؤٹ ہوئے۔ پڈیکل اور راہول نے مل کر بھارت کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔
پڈیکل نے 81 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جبکہ راہول نے 127 گیندوں کا سامنا کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 21ویں نصف سنچری مکمل کی۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 150 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے بعد چائے کے وقفے کے کچھ دیر بعد راہول کو پٹھوں میں کھنچاؤ کے باعث 77 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا۔
راہول نے اپنی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا اور توقع ہے کہ وہ دوسرے روز دوبارہ بیٹنگ کریں گے۔
پڈیکل نے ڈیبیو کرنے والے اسپنر کیشرا نوانتھا کی گیند پر مڈ آف کی جانب ایک رن لے کر اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔
کپتان شبمن گل نے آسیتھا فرنینڈو کے ایک اوور میں دو چوکے لگائے، تاہم 16 رنز پر پرباتھ جے سوریا کی گیند پر مڈ آف کے اوپر سے شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔
پڈیکل اور رشبھ پنت نے دن کا کھیل ختم ہونے تک بھارت کی مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔ وکٹ کیپر بلے باز پنت 27 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
سری لنکا کے فیلڈر نیشن فرنینڈو کو صبح کے سیشن میں اس وقت میدان سے باہر جانا پڑا جب راہول کے سویپ شاٹ کی گیند ان کے ہیلمٹ پر زور سے لگی۔
ٹیم کے فزیوتھراپسٹ نے فرنینڈو کا کنکشن ٹیسٹ بھی کیا، جس کے باعث کچھ تشویش پیدا ہوئی، تاہم وہ بعد میں قریبی فیلڈنگ کے لیے دوبارہ میدان میں آگئے۔
بارش کے باعث مقررہ 90 اوورز میں سے صرف 73 اوورز ہی کرائے جاسکے۔ ضائع ہونے والے وقت کی تلافی کے لیے اتوار کو کھیل معمول سے 15 منٹ پہلے شروع ہوگا۔
گال میں سری لنکا کا 50واں ٹیسٹ ہونے کے باعث شائقین کی بڑی تعداد میدان میں موجود تھی۔ سری لنکا کرکٹ نے اس موقع پر عوام کے لیے داخلہ مفت رکھا تھا۔
بھارت 2015 کے بعد سے سری لنکا کے خلاف کوئی ٹیسٹ میچ نہیں ہارا۔




















Comments