ہاکی ورلڈ کپ کا آج سے آغاز، پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی
- پاکستان ہاکی ٹیم 8 سال بعد عالمی کپ میں واپسی کررہی ہے
ہاکی ورلڈ کپ 2026 آج (ہفتہ) سےبیلجیم اور نیدرلینڈز میں شروع ہورہا ہے۔
پاکستان ہاکی ٹیم آٹھ سال کے طویل وقفے کے بعد عالمی کپ میں واپسی کرتے ہوئے آج (ہفتہ) رات انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
ٹورنامنٹ میں شامل 16 ٹیموں کو چار پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان کو پول ڈی میں رکھا گیا ہے جس میں انگلینڈ، ویلز اوربھارت شامل ہیں۔
ہاکی ورلڈ کپ میں پہلے رو ز تین میچز کھیلے جائیں گے ،جرمنی اعزاز کا دفاع کرے گی۔ پاکستان ٹیم گروپ ڈی میں انگلینڈ ،بھارت اور ویلز سے مقابلہ کرے گی۔
ٹیم منیجر محمد اویس قرنی کے مطابق ایمسٹیلوین کے ویگنر اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات10 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان نے 2023 کے ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کی تھی، تاہم اس بار نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم عالمی سطح پر اپنی واپسی کو یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہیں اور پہلے میچ کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔
اسکواڈ میں کپتان ابوبکر محمود اور عماد شکیل بٹ ایسے نمایاں کھلاڑی ہیں جنہیں ورلڈ کپ کا سابقہ تجربہ حاصل ہے جبکہ بیشتر کھلاڑی پہلی بار اس بڑے ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔
قومی ٹیم نے ورلڈ کپ سے قبل نیدرلینڈز میں جنوبی افریقہ اور جاپان کے خلاف پریکٹس میچز کھیلے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کو3-1 سے شکست ہوئی، تاہم جاپان کے خلاف گرین شرٹس نے2-1 سے کامیابی حاصل کی۔
ان مقابلوں کے ذریعے ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو میچ کے مختلف حالات کے لیے تیار کرنے کی کوشش کی۔ دوسری جانب عالمی نمبر تین انگلینڈ کو ٹورنامنٹ کے مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
اس بار ورلڈ کپ میں روایتی کوارٹر فائنل فارمیٹ کی بجائے نیا کراس اوور پول نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے کے بعد ٹیموں کو مزید پولز میں تقسیم کیا جائے گا۔
پاکستان عالمی کپ کی تاریخ میں چار مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی ٹیم ہے۔ قومی ٹیم نے 1971، 1978، 1982 اور 1994 میں عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔



















Comments