ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال، اشیائے ضروریہ کی قلت کا خدشہ
- حکومت کو مذاکراتی عمل کو نتیجہ خیز بناتے ہوئے تمام فریقین کے تحفظات دور کرنے چاہئیں، کاٹی
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر محمد اکرام راجپوت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال مزید جاری رہی تو ملک میں خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی ترسیل متاثر ہونے کے باعث مارکیٹ میں اشیا کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو مذاکراتی عمل کو نتیجہ خیز بناتے ہوئے تمام فریقین کے تحفظات دور کرنے چاہئیں تاکہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم ہو اور ملک میں ضروری اشیا کی ترسیل، صنعتی پیداوار، کاروباری سرگرمیوں اور برآمدی عمل کو معمول پر لایا جاسکے۔
کاٹی کے صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان ایک جامع اور قابلِ عمل طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے تنازعات طویل ہڑتال کی صورت اختیار کرنے سے پہلے ہی مذاکرات کے ذریعے حل کیے جاسکیں۔
انہوں نے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے چھٹے روز بھی جاری رہنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ ملک کے وسیع تر معاشی مفاد میں فوری مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کا قابلِ عمل اور دیرپا حل تلاش کیا جائے۔



















Comments