بنگلہ دیش کا پاکستانی صنعتکاروں کو تجارتی روابط بڑھانے اور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت
- براہِ راست پروازوں، بحری کارگو سروسز سے پاکستان، بنگلہ دیش باہمی تجارت کو فروغ ملے گا، عبدالرحمان فدا
بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ثاقب صداقت نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان روابط بڑھا کر تجارت و سرمایہ کاری کے بے شمار غیر استعمال شدہ مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی صنعتکاروں کو بنگلہ دیش کا دورہ کرکے وہاں موجود تجارتی و سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کی دعوت دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرحمان فدا کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے موقع پرکہی۔
وفد میں سینئر نائب صدر احمد ذوالفقار چوہدری، نائب صدر محمد طاہر گوریجا، سابق صدر عبدالرشید اور چیئرمین انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈ ڈپلومیٹک افیئرز کمیٹی جنید الرحمان وفد میں شامل تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے، قابلِ تجارت مصنوعات کے دائرہ کار کو وسعت دینے، کاروباری وفود کے تبادلوں کو مؤثر بنانے اور تجارتی سہولتوں میں اضافے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی تعداد بڑھانے اور سمندری کارگو سروسز میں توسیع کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر لاجسٹکس سے نہ صرف تجارتی لاگت میں کمی آئے گی بلکہ دوطرفہ تجارت کے حجم میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔
اس موقع پر ڈپٹی ہائی کمشنر نے پاکستانی برآمدکنندگان پر زور دیا کہ وہ بنگلہ دیشی مارکیٹ کی ڈیمانڈ کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی برآمدی حکمت عملی مرتب کریں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش پاکستانی مصنوعات اور سرمایہ کاری کے لیے ایک امید افزا مارکیٹ ہے اور بنگلہ دیش کا ڈپٹی ہائی کمیشن پاکستانی تاجروں اور صنعتکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مسلسل رابطوں، مشترکہ کوششوں اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ سے دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کی حقیقی صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈپٹی ہائی کمشنر کو ایسوسی ایشن کے دفتر کے دورے کی دعوت دی تاکہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔


























Comments