وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے
- وزیراعظم مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے۔
مہرآباد ائرپورٹ پر وزیرِ اعظم کا استقبال ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی، تہران میں پاکستان کے سفیرعمران احمد صدیقی اور پاکستان و ایران کے اعلیٰ سفارتی حکام نے کیا۔
وزیراعظم آفس (پی ایم او) کے مطابق وزیراعظم مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔
شہباز شریف پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کریں گے اور غم کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
ایران کے دورے کے اختتام پر وزیراعظم ترکیہ کے دو طرفہ دورے کے لیے استنبول روانہ ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر ترکیہ کا دورہ کریں گے۔
دونوں فریقین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کریں گے، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ قیادت کی سطح پر ہونے والی اس ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر بھی غور و خوض کیا جائے گا۔
استنبول میں قیام کے دوران، وزیراعظم پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی ایک بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جس کا مقصد ترجیحی شعبوں بشمول اسپیشل اکنامک زونز، توانائی، آئی ٹی اور نجکاری کے شعبوں میں پاکستان کی تجارت اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کو اجاگر کرنا ہے۔
یہ کانفرنس ترک کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کو اعلیٰ سرکاری حکام اور دیگر ممتاز شرکاء کے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گی۔
























Comments