میانمار میں جیڈ کان کا ملبہ گرنے سے 5 افراد ہلاک، متعدد لاپتا
- حادثہ اتوار کی شب شمالی ریاست کاچن کے علاقے ہپاکانت میں پیش آیا، سرکاری میڈیا
میانمار میں مون سون کی شدید بارشوں کے باعث ایک متروک جیڈ (یشب) کان کا ملبہ گرنے سے قیمتی پتھروں کے ٹکڑے تلاش کرنے والے کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ 15 کے قریب افراد لاپتا ہو گئے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی شب شمالی ریاست کاچن کے علاقے ہپاکانت میں پیش آیا، جہاں تقریباً 20 افراد فلڈ لائٹس کی روشنی میں کان کے فضلے میں جیڈ کے ٹکڑے تلاش کر رہے تھے۔ مسلسل بارشوں کے باعث کان کا پرانا ملبہ غیر مستحکم ہو چکا تھا، جو اچانک زمین بوس ہو گیا۔
حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں، تاہم خراب موسمی حالات کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
میانمار دنیا میں اعلیٰ معیار کے جیڈ کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھا جاتا ہے، لیکن کان کنی کا شعبہ بڑی حد تک غیر منظم ہے۔ مون سون کے موسم میں کانوں کے ملبے کے تودے گرنے اور بڑے جانی نقصانات کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ہپاکانت کا علاقہ حالیہ مہینوں میں میانمار کی فوج اور حکومت مخالف مسلح گروہوں کے درمیان شدید جھڑپوں کا مرکز بھی رہا ہے، جہاں جیڈ کی کانوں پر کنٹرول کے لیے لڑائی جاری ہے۔





















Comments