ورلڈ کپ: میسی مسلسل چھٹی بار ارجنٹینا کی نمائندگی کریں گے
- ارجنٹائن کے اسکواڈ میں کئی نوجوان کھلاڑی شامل
ارجنٹائن نے جمعرات کو فیفا ورلڈ کپ کیلئے اپنے 26 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں لیونل میسی امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن کی قیادت کریں گے۔
38 سالہ فارورڈ (لیونل میسی) اپنے چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے جس سے ان کا قومی ریکارڈ مزید طویل ہو جائے گا جبکہ ایمیلیانو مارٹنیز، نکولس اوٹامینڈی، روڈریگو ڈی پال، الیکسس میک الیسٹر، اینزو فرنینڈس، جولین الواریز اور لاؤتارو مارٹنیز ان 17 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو 2022 میں قطر میں ٹرافی اٹھانے والے اسکواڈ سے دوبارہ الیون کا حصہ بنے ہیں۔
کوچ لیونل اسکالونی نے ارجنٹائن کو تیسرا عالمی اعزاز جتوانے والے اسکواڈ کے اہم کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے تاہم تجربہ کار ونگر اینجل ڈی ماریا کے نام پر غور نہیں کیا گیا کیونکہ وہ 2024 کے کوپا امریکہ کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔
مڈ فیلڈر جیوانی لو سیلسو جو انجری کے باعث 2022 کے ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرسکے تھے، اپنے دوسرے ورلڈ کپ کیلئے اسکواڈ میں واپس آگئے ہیں۔ اس سے قبل وہ 2018 میں روس میں ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران ارجنٹائن کے اسکواڈ کا حصہ تھے تاہم انہیں کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔
ارجنٹائن نے اسکواڈ میں کئی نوجوان کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا ہے جن میں ویلنٹائن بارکو، نکولس پاز اور جیولیانو سیمیونی شامل ہیں جبکہ فارورڈز ہوزے مینوئل لوپیز اور تھیاگو الماڈا ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو پہلی بار ورلڈ کپ میں جلوہ گر ہوں گے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2022 کی فاتح ٹیم کا حصہ رہنے والے لیفٹ بیک مارکوس اکونیا فٹنس مسائل کے باعث اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
واضح رہے کہ ارجنٹینا گروپ جے میں شامل ہے اور اپنے ورلڈ کپ سفر کا آغاز 16 جون کو الجزائر کے خلاف کرے گا جبکہ دیگر میچز آسٹریا اور اردن کے خلاف ہوں گے۔
اسکواڈ
گول کیپرز: ایمیلیانو مارٹنیز، جیرونیمو رولی، جوآن موسو
ڈیفینڈرز: لیونارڈو بالیرڈی، گونزالو مونٹیل، نکولس ٹیگلیافیکو، لیساندرو مارٹنیز، کرسٹین رومیرو، نکولس اوٹامینڈی، فاکنڈو مدینا، ناہوئل مولینا۔
مڈ فیلڈرز: لیانڈرو پاریڈیس، روڈریگو ڈی پال، ویلنٹائن بارکو، جیوانی لو سیلسو، ایکزیکیل پالاسیوس، الیکسس میک الیسٹر، اینزو فرنینڈس۔
فارورڈز: جولین الواریز، لیونل میسی، نکولس گونزالیز، تھیاگو الماڈا، جیولیانو سیمیونی، نکولس پاز، ہوزے مینوئل لوپیز، لاؤتارو مارٹنیز۔

























Comments