مقبوضہ یروشلم میں صومالی لینڈ سفارتخانے کے قیام پر پاکستان سمیت 14 ممالک کی شدید مذمت
- اقدام مقبوضہ یروشلم کی قانونی اور تاریخی حیثیت پر براہِ راست حملہ ہے
پاکستان نے 13 دیگر مسلم ممالک کے ساتھ مل کر مقبوضہ یروشلم میں مبینہ صومالی لینڈ سفارت خانے کے افتتاح کی شدید مذمت کی ہے اور اسے غیر قانونی، ناقابلِ قبول اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ایک مشترکہ وزارتی بیان میں پاکستان، مصر، سعودی عرب، قطر، اردن، لبنان، ترکیہ، انڈونیشیا، جیبوتی، صومالیہ، فلسطین، عمان، سوڈان اور یمن کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام مقبوضہ یروشلم کی قانونی اور تاریخی حیثیت پر براہِ راست حملہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارت خانے کا قیام بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے اور شہر میں ایک غیر قانونی حقیقت کو مسلط کرنے کے مقصد سے کیے جانے والے کسی بھی یکطرفہ اقدام کو مسترد کیا جاتا ہے۔
وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ مشرقی یروشلم 1967ء سے ایک مقبوضہ فلسطینی علاقہ ہے اور اس کی قانونی یا تاریخی حیثیت کو تبدیل کرنے کے لیے اٹھایا جانے والا کوئی بھی قدم کالعدم اور بے اثر ہے۔
انہوں نے صومالیہ کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا بھی اعادہ کیا اور صومالیہ کی سرزمین کو کمزور کرنے یا اس کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی یکطرفہ اقدام کو یکسر مسترد کر دیا۔


























Comments