وزیراعظم کی قطری ہم منصب سے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، امن کوششوں اور دوطرفہ تعاون پر گفتگو
- دونوں رہنماؤں کا مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے مسلسل اور مربوط کوششوں پر زور
- جنگ بندی کے تسلسل اور خطے میں استحکام کی بحالی کے لیے مذاکرات ناگزیر قرار
وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کے روز قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعاون اور مشرقِ وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سرکاری بیان کے مطابق گفتگو کا مرکزی نکتہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے جاری امن کوششیں تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے امن اقدام کی حمایت پر قطر کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے پیش رفت کا خواہاں ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ بندی کے تسلسل کو برقرار رکھنے، مزید کشیدگی سے بچنے اور خطے میں استحکام کی بحالی کے لیے بین الاقوامی برادری کو مسلسل اور مربوط کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔
وزیراعظم نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

























Comments