پاکستان کی سب سے بڑی ٹریکٹر ساز کمپنی کا الیکٹرک بائیک کی تیاری پر غور
- معاملہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، ملت ٹریکٹرز
پاکستان میں ٹریکٹر بنانے والے سب سے بڑے ادارے ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ نے کہا ہے کہ وہ اس وقت ملک میں الیکٹرک بائیک کی تیاری کی فزیبلٹی کا جائزہ لے رہا ہے۔
لسٹڈ کمپنی نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرک موٹرسائیکل کے شعبے میں داخلے سے متعلق حالیہ مارکیٹ قیاس آرائیوں کے جواب میں ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ واضح کرتی ہے کہ اس کے گروپ کی ایک کمپنی اس وقت پاکستان میں ای وی بائیکس کی پیداوار کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔
تاہم یہ معاملہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں الیکٹرک بائیکس کی طلب میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
بائیک ڈیلرز اور ماہرین نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ صرف اپریل کے دوران ملک بھر میں تقریباً 40,000 یونٹس فروخت ہوئے جن میں 90 فیصد الیکٹرک اسکوٹرز اور 10 فیصد الیکٹرک بائیکس شامل تھیں جبکہ طلب اس سے کہیں زیادہ تھی۔
دریں اثنا حکومت نے گزشتہ ہفتے پیٹرولیم قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا جس میں پیٹرول کی قیمت میں 6.51 روپے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19.39 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
پیٹرول کی قیمت 399.86 روپے اور ڈیزل کی قیمت 399.58 روپے فی لٹر کر دی گئی۔ ہے۔
ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے جو 1964 میں پاکستان میں قائم کی گئی۔ یہ ادارہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ٹریکٹرز، ڈیزل جنریٹر سیٹس، پرائم موورز، ڈیزل انجن اور فورک لفٹ ٹرکس کی تیاری اور فروخت میں مصروفِ عمل ہے۔
ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ ملک کے اندر اور بیرون ملک انڈسٹریل اینڈ فائنینشل سسٹم ایپلی کیشنز کی فروخت، نفاذ اور تکنیکی معاونت کے کاموں میں بھی شامل ہے۔ 30 جون 2024 تک کی معلومات کے مطابق کمپنی ڈبل شفٹ کی بنیاد پر سالانہ 30,000 ٹریکٹرز تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

























Comments