عمران خان کی میڈیکل رپورٹ اہلخانہ کے ساتھ شیئر کر دی، عطا اللہ تارڑ
- سابق وزیراعظم کی صحت اور قید کے حوالے سے دوبارہ شروع ہونے والی قانونی کارروائی کے پس منظر میں یہ اہم پیش رفت ہوئی ہے
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی صحت کے حوالے سے اٹھائے گئے خدشات کے بعد ان کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ اہلخانہ کے ساتھ شیئر کر دی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں عطا تارڑ نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے وزیراعظم کو خط لکھا تھا، جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی عمران خان کے طبی معائنے کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کیا تھا، جو اس وقت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم آفس کی ہدایات پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پی آئی ایم ایس) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے جامع میڈیکل رپورٹ تیار کی۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ تفصیلی رپورٹ سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل راولپنڈی (اڈیالہ) کو بھیج دی گئی ہے اور اہلخانہ کے حوالے کر دی گئی ہے۔
یہ پیش رفت سابق وزیراعظم کی صحت اور قید کے بارے میں نئی سیاسی بحث اور قانونی کارروائی کے دوران سامنے آئی ہے۔ اس سے قبل دن میں پی ٹی آئی نے عمران خان کی میڈیکل رپورٹ جاری کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
گزشتہ ماہ پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ اسے معتبر اطلاعات کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ عمران خان کی دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن (شریانوں کی بندش) کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں بینائی متاثر ہونے کا خطرناک خدشہ ہے۔
پی ٹی آئی کا موقف تھا کہ جیل میں سابق وزیراعظم کا معائنہ کرنے والے طبی ماہرین نے اس حالت کو انتہائی حساس اور سنگین قرار دیا ہے اور متنبہ کیا ہے کہ مناسب علاج میں کسی بھی قسم کی تاخیر ان کی بینائی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے۔

























Comments