اسحاق ڈار اور چینی کمیونسٹ پارٹی کی نائب وزیر کے درمیان پاک چین تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
- دونوں ممالک کا پارٹی کی سطح پر تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں چینی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائی یان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاک چین دوستی کے لازوال رشتوں کو مزید مستحکم کرنے میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے اہم کردار کو سراہا۔
دونوں ممالک نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات کے آغاز کا خیرمقدم کیا، جن کا باقاعدہ افتتاح رواں ماہ کے آغاز میں سینیٹر اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے چین میں کیا تھا۔
دونوں رہنماؤں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس تاریخی سنگِ میل کو سال بھر جاری رہنے والی مختلف تقریبات کے ذریعے شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا۔ فریقین نے اعلیٰ سطح کے رابطوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے، پارٹی کی سطح پر تعاون کو مزید بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو گہرا کرنے کی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں ثقافتی تعاون کی توسیع اور عوامی سطح پر رابطوں بشمول تعلیمی اشتراک، نوجوانوں کے درمیان میل جول اور ثقافتی اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ،تاکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفہمت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
























Comments
Comments are closed.