گلگت بلتستان میں برفانی تودہ گرنے سے 2 فوجی اور شہری شہید، آئی ایس پی آر
- برزل پاس میں برف ہٹانے کے آپریشن کے دوران حادثہ پیش آیا
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ہفتے کو بتایا کہ گلگت بلتستان کے برزل پاس میں برفانی تودے کی زد میں آ کر پاک فوج کے دو جوان اور ایک شہری مشین آپریٹر شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ” 2 اور 3 جنوری 2026 کی درمیانی شب برزل پاس کو علاقے میں اپنی افواج کی آپریشنل نقل و حرکت کے لیے کھولنے کی غرض سے بھاری مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کا آپریشن کیا گیا۔“
تفصیلات کے مطابق برف ہٹانے کے اس آپریشن کی قیادت کیپٹن اصمد (عمر 28 سال، ساکن لاہور) کر رہے تھے۔ 3 جنوری 2026 کو تقریباً رات 2 بجے، آپریشن کے دوران اچانک برفانی تودہ گرنے سے کیپٹن اصمد، دو فوجی جوان اور محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کا ایک شہری مشین آپریٹر ملبے تلے دب گئے۔
فوج کے میڈیا ونگ نے مزید کہا ہے کہ ” انتہائی کوششوں کے بعد چاروں افراد کو برف سے نکال لیا گیا، تاہم کیپٹن اصمد، سپاہی رضوان (عمر 32 سال، ساکن اٹک) اور مشین آپریٹر عیسیٰ (ساکن استور) کی حالت بگڑ گئی اور تینوں جام شہادت نوش کر گئے۔“
بیان کے مطاق ” ان شہیدوں نے انتہائی مشکل حالات میں ایک حساس آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے عظیم قربانی پیش کر کے اپنی افواج کی نقل و حرکت کو آسان بنانے میں کردار ادا کیا۔ ان کی قربانی اور فرض شناسی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فوج کے تمام اہلکار وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور کسی بھی وقت فرائض کی انجام دہی اور مقصد کی خاطر اپنی جان قربان کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔“























Comments
Comments are closed.