پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم ای) کے چیئرمین سلیم ولی محمد کی سربراہی میں وفد نے کوریا کے قونصل جنرل یائی سنگ ہو اور کوریا ٹریڈ انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی (کوٹرا) کے ڈائریکٹر جنرل ہوانگ سنگ وون سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، اکنامک پارٹنرشپ ایگریمنٹ (ای پی ای)پر پیش رفت اورصنعتی شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں پی سی ڈی ایم اے کے وائس چیئرمین شارق فیروز، کنوینر ڈپلومیٹک کمیٹی ناصرالدین فتح ککڈا، سینئر ممبر پرویز ولی محمد، ایگزیکٹیو کمیٹی ممبرز سلیم نینی، یحییٰ ارشد، احمد جہانگیر، کامران ریاض بھرارا اور ارشد عثمان شامل تھے۔
چیئرمین پی سی ڈی ایم اے سلیم ولی محمد نے کورین حکام کو یقین دلایا کہ کیمیکلز چیپٹر28 تا 32 کے حوالے سے ایسوسی ایشن ہر ممکن تعاون کرے گی تاکہ دونوں ملکوںکے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہوسکے۔
انہوں نے کورین کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ جنرل اور اسپیشلٹی کیمیکلز میں مشترکہ منصوبے اور تکنیکی معاونت شروع کریںجس سے صنعتی تعاون کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔وفد نے ڈائز انڈسٹری میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور ساتھ ہی دونوں جانب سے اداروں کا تعارف اور ابتدائی سطح پر ممکنہ تعاون کے شعبوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
اس موقع پر معروف بزنس مین پرویز ولی نے آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی ای)،اکنامک پارٹنرشپ ایگریمنٹ (ای پی ای)، مشترکہ منصوبوں اور تکنیکی معاونت کی اہمیت اجاگر کی۔
کورین حکام نے پی سی ڈی ایم اے وفد کو 2026 میں کوریا میں ہونے والی ٹیکسٹائل نمائش میں شرکت کی دعوت دی جسے وفد نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دوطرفہ تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
وفد نے ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان اور کوریا کے درمیان دوطرفہ باہمی تجارت میں اضافہ کرے گی بلکہ سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کی نئی راہیں بھی کھولے گی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025






















Comments