پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس یرموک نے بحیرۂ عرب کے شمالی حصے میں ایک بڑی کارروائی کے دوران 972 ملین ڈالر مالیت کی منشیات پکڑلیں۔
پاکستان نیوی کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، یرموک سعودی عرب کی قیادت میں قائم کومبائنڈ ٹاسک فورس 150 کے تحت آپریشنل فرائض انجام دے رہا تھا، جو کومبائنڈ میری ٹائم فورسز کا حصہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ شاندار کامیابی پاکستان نیوی کے علاقائی بحری سلامتی، عالمی امن اور سمندر میں غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف اجتماعی جدوجہد کے لیے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
دوسری جانب کومبائنڈ میری ٹائم فورسز نے بتایا کہ 48 گھنٹوں کے دوران پی این ایس یرموک نے دو کشتیوں پر بورڈنگ آپریشن کیے۔ دونوں کشتیاں آٹومیٹک آئیڈنٹیفکیشن سسٹم پر سگنل نہیں دے رہی تھیں اور ان پر کوئی بیرونی نشانات بھی موجود نہیں تھے، جس سے یہ ثابت ہوا کہ ان کی کوئی قومی شناخت نہیں ہے۔
بیان کے مطابق عملے نے پہلی کشتی پر چھاپہ مار کر دو ٹن سے زائد کرسٹل میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کی، جس کی اندازاً مالیت 822.4 ملین ڈالر تھی۔ یہ کارروائی 18 اکتوبر کو انجام دی گئی۔
کم از کم 48 گھنٹے بعد، عملے نے دوسری کشتی پر کارروائی کے دوران 350 کلوگرام آئس جس کی قیمت 140 ملین ڈالر اور 50 کلوگرام کوکین جس کی مالیت 10 ملین ڈالر تھی، برآمد کر لی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ منشیات کو تصدیق کے لیے جہاز پر لایا گیا، جہاں ان کے اجزا کی جانچ کے بعد انہیں تلف کر دیا گیا۔
پاکستان نیوی کے مطابق، پی این ایس یرموک کی کامیاب کارروائی پاکستان کے فعال اور ذمہ دار بحری شراکت دار کے کردار کو مزید مضبوط کرتی ہے، جو بحرِ ہند کے وسیع تر خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی یرموک کے عملے کو پیشہ ورانہ مہارت اور لگن پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی اپنے قومی بحری مفادات کے تحفظ کے مشن پر ثابت قدم ہے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے مشترکہ اور مربوط بحری اقدامات کے ذریعے اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔
ایڈمرل نوید اشرف نے مزید کہا کہ سعودی قیادت میں اس ٹاسک فورس کے تحت پی این ایس یرموک کا آپریشن دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان بین العملی تعاون کو فروغ دے گا اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان دفاعی اشتراک کو مزید مضبوط کرے گا۔
علاوہ ازیں، امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی سعودی قیادت میں کام کرنے والی ٹاسک فورس کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ پی این ایس یرموک ایک جدید جنگی جہاز ہے جو مختلف اقسام کے بحری مشن انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ جہاز ایک ہیلی کاپٹر اور بغیر پائلٹ فضائی وہیکل (یو اے وی) لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ جہاز بیک وقت 11.5 میٹر اور 6.5 میٹر لمبائی کی دو ہائی اسپیڈ ریجڈ ہلڈ انفلیٹیبل بوٹس لانچ کرنے کے قابل ہے اور بیس فٹ ایکویولنٹ یونٹس کے دو کنٹینرز کو خصوصی مشن کے لیے لے جا سکتا ہے۔






















Comments
Comments are closed.