پاکستان نے منگل کے روز 15 دیگر ممالک کے ساتھ مل کر غزہ کے لیے انسانی ہمدردی کی امداد لے جانے والی سول سوسائٹی کی کاوش ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کی سلامتی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مشترکہ بیان میں بنگلہ دیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، آئرلینڈ، لیبیا، ملائشیا، مالدیپ، میکسیکو، عمان، پاکستان، قطر، سلووینیا، جنوبی افریقہ، اسپین اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے فلوٹیلا کے مشن کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین، خصوصاً انسانی ہمدردی سے متعلق قوانین کے احترام پر زور دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلوٹیلا کا مقصد غزہ کے فلسطینیوں کو نہایت ضروری انسانی ہمدردی کی امداد فراہم کرنا اور اس محصور علاقے میں جاری سنگین انسانی بحران کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی بڑھانا ہے۔
وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ امن کا قیام اور انسانی ہمدردی کی امداد کی ترسیل، ساتھ ہی بین الاقوامی قانون کی پاسداری، ان کی حکومتوں کی مشترکہ ترجیحات ہیں۔
تمام فریقوں پر زور دیتے ہوئے کہ وہ فلوٹیلا کے خلاف کسی بھی غیر قانونی یا پرتشدد اقدام سے گریز کریں ، ان ممالک نے خبردار کیا ہے کہ بین الاقوامی قانون یا شرکاء کے انسانی حقوق کی کوئی بھی خلاف ورزی، بشمول بین الاقوامی پانیوں میں جہازوں پر حملے یا غیر قانونی حراست، احتساب کا باعث بنے گی۔

























Comments
Comments are closed.