لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں چیک پوسٹ نمبر 5 کے قریب واقع ایک گارمنٹس فیکٹری میں جمعرات کو اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں فیکٹری کی عمارت گر گئی اور کم از کم 7 افراد زخمی ہوگئے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
آج نیوز کے مطابق آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے 3 قریبی عمارتوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا جنہیں بروقت خالی کرا لیا گیا۔ متعدد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کردیں جو تاحال جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو عمارت سے ایمرجنسی سیڑھیوں کے ذریعے نکالا گیا۔
موقع پر موجود عمارتوں سے گھنے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں جب کہ ریسکیو ٹیمیں بڑے پیمانے پر آپریشن میں مصروف ہیں۔ امدادی کارروائیوں کو آگ کی شدت اور مزید عمارتوں کے منہدم ہونے کے خدشات کے باعث دشواری کا سامنا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
یاد رہے کہ اسی زون میں 8 جون کو بھی ایک گارمنٹس فیکٹری میں ہولناک آگ بھڑکی تھی، جسے 36 گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد بجھایا گیا تھا۔
اس واقعے میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ چار صنعتی یونٹس مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے۔





















Comments
Comments are closed.